تبصرہ نگار: سرفرازاحمدقاسمی حیدرآباد۔
ماہ محرم، رجب، ذی قعدہ اور ذی الحجہ ان چار مہینوں کو شریعت اسلامیہ نے خاص طور پر بڑی اہمیت دی ہے، اسلام سے پہلے زمانہ جاہلیت میں بھی ان مہینوں کو محترم سمجھا جاتا تھا اور ان مہینوں میں جنگ وقتال کو حرام جانتے تھے، ظہور اسلام کے بعد ان مہینوں کی عظمت و حرمت اور فضیلت مزید بڑھ گئی، احادیث و آثار کے مطالعہ سے عربی مہینوں کی فضیلت و عظمت کا ثبوت ملتا ہے، گو بعض مہینوں کو شریعت کے کچھ احکام و مسائل اور اسلامی تاریخ کے لحاظ سے بعض پر فوقیت حاصل ہے، تاہم ہر مہینے میں کوئی نہ کوئی اہم واقعہ ضرور رونما ہوا ہے، جس کا اسلامی تاریخ سے ایک گہرا ربط ہے، دیگر مذاہب میں ایام و شہور کو جو اہمیت حاصل رہی ہے اور حاصل ہے اس کا تعلق رسم و رواج سے زیادہ ہے، مذہب سے کم، مگر شریعت اسلامیہ میں ایام و شہور کی ایک مذہبی حیثیت بھی ہے، جس کا ذکر قرآن و حدیث میں واضح طور پر ملتا ہے، اسلئے ایک مسلمان ہونے کی حیثیت سے ہمارے لئے یہ جاننا ضروری ہو جاتا ہے کہ کس مہینے میں کونسا اسلامی واقعہ پیش آیا؟ مثلا نبی کریم ﷺ کی ولادت، ہجرت، نکاح، آغاز وحی، شب معراج، فرضیت نماز، شب برأت، نزول قرآن، روزے کی فرضیت، غزوات، فتح مکہ،حجتہ الوداع، ام المومنین حضرت عائشہ کی پیدائش، نکاح، رخصتی، جہاد، قربانی، حج اور شہادت حسین رض وغیرہ جیسے درجنوں اہم واقعات کی تاریخی حیثیت کا جاننا ہر مسلمان کے لئے لازم اور ضروری ہے۔
ماہ محرم کو اسلامی سال کا پہلا مہینہ کہا جاتا ہے، اسی مہینے سے اسلامی سال کا آغاز ہوتا ہے، ماہ محرم کے بارے میں حدیث میں ہےکہ "رمضان کے بعد سارے مہینوں سے افضل محرم الحرام کے روزے ہیں”ایک دوسری حدیث میں ہے کہ "ایام محرم میں سے ایک یوم کا روزہ دوسرے مہینوں کے تیس دنوں کے برابر ہے "مسلمانوں کا ایک بڑا طبقہ ہرسال ماہ محرم میں جہالت اور شیعیت کے اثرات سے متاثر ہو جاتا ہے اور برسوں سے من گھڑت رسومات، بدعات و خرافات ہمارے یہاں جاری ہیں، ہر زمانے میں علمائے حق نے اپنی تحریروں اور تقریروں کے ذریعے اس کی نشاندہی فرمائی اور شریعت کے نام پر غلط چیزوں کو اپنانے اور اس پر عمل کرنے سے روکا، جس کا سلسلہ آج بھی جاری ہے، امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا فریضہ ملت اسلامیہ پر قیامت تک کےلئے جاری ہے۔
"فضائل محرم اور بدعات مروجہ”نام کی یہ کتاب میرے سامنے ہے جو اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، چونکہ ماہ محرم کی آمد آمد ہے، ایسے میں اس کتاب کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے، یہ کتاب جیساکہ اپنے نام سے ظاہر ہے 128 صفحات پر مشتمل ہے اور یہ دوسرا ایڈیشن ہے، کتاب کے شروع میں صاحب کتاب کا انتساب ہے، اس کے بعد عنوانات کی ایک لمبی فہرست ہے، مجموعی طور پر اس کتاب میں چار ابواب اور تقریبا 85 عناوین ہیں، پہلے باب کے عنوانات کچھ اس طرح ہیں، محرم کے لغوی معنی، ماہ محرم محرم سے اسلامی سال کا آغاز، یوم عاشورہ کے فضائل، عاشورہ کا روزہ، شہید کا مرتبہ، یہ غم کا دن نہیں، شہید مرتے نہیں ہیں، چھ مخصوص نعمتیں، غم اور سوگ کے شرعی حدود، یوم عاشورہ کے اعمال، رحمت سے محرومی، ماتمی جلوس، صدر ایران کا بیان، تعزیہ کی ایجاد، تعزیہ کے اقسام، جلوس تعزیہ، تعزیہ کی خرابی، فضول خرچی، تعزیہ کو سجدہ کرنا، تعزیہ میں قرآن پاک لگانا، تعزیہ سے منتیں اور مرادیں مانگنا، محرم کا کچھڑا، محرم میں ایصال ثواب کے لئے کھانا پکانا، شربت پلانا، سبیلیں لگانا، دسویں محرم کو چھٹی منانا، دسویں محرم کو مسجد میں جمع ہوکر نوافل پڑھنا، شہادت نامہ پڑھنا، باجہ بجانا، قبرستان جانے کی پابندی کرنا، حضرت حسین کے لئے لفظ "امام” کا استعمال اور اس کی شرعی حیثیت، دوسرا باب اکابرین کے فتاوے کے نام سے ہے جس میں حضرت امام اعظم ابوحنیفہ، مجدد ہند حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی، حضرت شاہ عبدالعزیز، حضرت تھانوی، مفتی اعظم ہند حضرت مفتی محمود حسن گنگوہی، مفتی عبدالرحیم صاحب لاجپوری، احمد رضاخاں صاحب بریلوی سمیت تقریباً ڈیڑھ درجن علماء کے فتاوے کتاب میں شامل ہیں،تیسر اباب شہید کربلا کے نام سے ہے جس میں حضرت سیدنا حسین کی شہادت سے قبل مسلم بن عقیل کو کوفہ بھیجنا اور پھر ان کا قتل، حادثہ کربلا اور ماہ محرم وغیرہ کے چند اہم واقعات کا تذکرہ ہے، چوتھا اور آخری باب ضمیمہ کے نام سے ہے جس میں شیعہ مذہب کابانی مبانی کون؟ شیعہ کا فرق، شیعوں کے کچھ معروف فرقے،اس کا شرعی حکم، دارالعلوم دیوبند سمیت ممتاز علماء کے فتاوے اور امام مہدی کا ظہور کب ہوگا؟ وغیرہ یہ عنوان درج اس باب میں درج ہے،اسکے بعدکئی علماء کی تصدیق و تقریظ کتاب کا حصہ ہے، جن میں حضرت مولانا مطیع الرحمن صاحب، صدر جمعیت علماء ضلع بھاگلپور، حضرت مفتی سلمان صاحب منصورپوری استاذ دارالعلوم دیوبند، مولانا ہارون ثاقب صاحب قاسمی استاذ مدرسہ فیض عام مہگاؤں کوشاہی الہ آباد، مفتی نثار احمد قاسمی صاحب ناظم تعلیمات جامعہ فرقانیہ سبیل السلام کرنپور بھاگلپور شامل ہیں، پھر حرف اول کے عنوان سے مؤلف کتاب کی دو صفحے کی ایک تحریر ہے، جس میں صاحب کتاب نے اس کتاب کے لکھنے کا مقصد اور غرض وغایت کا ذکر کیا ہے، اس کے بعد تقریبا 10 صفحے کا ایک طویل مقدمہ شیخ القراء حضرت مولانا قاری احمداللہ صاحب قاسمی سابق صدر شعبہ تجوید و قرأت جامعہ ڈابھیل کے قلم سے ہے۔
کتاب کے مؤلف مخدوم گرامی حضرت مفتی اشفاق عالم صاحب قاسمی ہیں،جنھیں اللہ تعالی نے علم وعمل کے ساتھ دیگربہت سی خصوصیات سے نوازاہے، قرطاس و قلم سے انکا گہرا رشتہ ہے، انتہائی محنتی،سادگی پسند، تیزرفتار وخوش گفتار،باصلاحیت،دھن کے پکے، وہ ایک کامیاب اور مقبول استاذ ہیں، سنجیدہ خطیب جیسی ممتاز صفات سے متصف ہیں، بڑوں کا اکرام اور انکی تعظیم، چھوٹوں سے شفقت اور انکی دلجوئی انکا طرہ امتیاز ہے، بھاگلپور بہارکے "ہرنتھ” نامی گاؤں سے ان کا تعلق ہے،مفتی صاحب نے درس نظامی کی تعلیم اور اس کی تکمیل جامعہ حسینیہ ہرنتھ، جامعہ مدنیہ چلمل بانکا اور دارالعلوم دیوبند سے 1994/95 میں حاصل کی، فراغت کے بعد مدرسہ شاہی سے افتاء کیا، اس کے بعد جامعہ فرقانیہ سبیل السلام کرنپور سے اپنے تدریسی سفر کا آغاز کیا، دس بارہ سال وہاں خدمت کرنےکے بعد جامعہ فلاح دارین بلاسپور مظفر نگر میں سات آٹھ سال استاذ رہے اور حدیث وفقہ کی مختلف کتابیں پڑھائیں، فی الحال 2012 سے دیوبند شہر کے ایک ممتاز ادارہ جامعتہ الشیخ دیوبند کے ایک مقبول و معروف استاذ ہیں، جہاں مشکوۀ سے لیکر دورہ و افتاء تک کی مختلف اور اہم کتابیں ان کے زیر درس ہیں، اللہ تعالی مزید ترقی اور استقامت عطا فرمائے، فضائل محرم اور بدعات مروجہ کے علاوہ کئی اور کتابیں انکے قلم سے منصہ شہود پر آچکی ہیں اوراہل علم حضرات سے پزیرائی و داد وتحسین حاصل کرکے مقبول خاص وعام ہوئی ہیں ان کی تالیفات کی فہرست کچھ یوں ہے۔
1 فضائل محرم اور بدعات مروجہ۔
2 رہنمائےنظامت۔
3 حقوق الایمان۔
4 مسلمانوں کے چھ حقوق۔
5 تنویرالوقایہ شرح اردو شرح وقایہ۔
6 الکلام المسندشرح اردومؤطاامام محمد۔
7 انوارالطحاوی شرح طحاوی
8 تسہیل الادب شرح نفحتہ العرب
9 تنویرالقدوری شرح قدوری
"فضائل محرم اور بدعات مروجہ” ان کی پہلی کتاب ہے، جس کے متعدد ایڈیشن اب تک شائع ہوچکے ہیں،تازہ اور نیا ایڈیشن جدید اضافے کے ساتھ پھر سے شائع ہو رہا ہے، کتاب کا ظاہر جاذب نظر ہے، کہیں کہیں پروف ریڈنگ کی غلطیاں رہ گئی ہیں، اس کتاب کی ترتیب میں جن کتابوں سے مدد لی گئی ہے اس کی فہرست بھی کتاب کے اخیر میں موجود ہے، اہم بات یہ ہےکہ کتاب میں جگہ جگہ حوالوں کا اہتمام کیا گیا ہے، معیاری کتابت و طباعت سے آراستہ ہے، مکتبہ عائشہ محلہ خانقاہ دیوبند سے شائع ہونے والی یہ کتاب وقت کی ضرورت ہے، اس سے پہلے بھی اس عنوان پر کئی کتابیں لکھی گئی ہیں، لیکن ان تمام کتابوں سے یہ کتاب مختلف ہے، جامعیت کے اعتبار سے، انتخاب مضامین اور حوالے کا اہتمام کے اعتبار سے، اسلوب وبیان کے اعتبار سے، یہ کتاب اس لائق ہے کہ اسے ہاتھوں، ہاتھ لیا جائے، گھر گھر پہونچایا جائے، ہراس گھر میں جہاں اردو پڑھنے اور سمجھنے والے ہیں وہاں یہ کتاب ضرور پہونچنی چاہیے، تاکہ ہم اپنی اصلاح کرسکیں،
مولف کتاب نے یہ کتاب لکھ کر ایک اہم ضرورت کی تکمیل کی ہے، جس کے لئے انھیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد، مجھ جیسے طالب علم سے مفتی صاحب کا مشفقانہ اور ہمدردانہ سلوک و برتاؤ، قابل رشک اور حیرت انگیز ہے رب کریم انکے حسن ظن کو سلامت رکھے اور ان کی خدمات کو قبول فرمائے، یہ کتاب دیوبند کے تمام بڑے کتب خانوں پر دستیاب ہے، خواہشمند اور دلچسپی رکھنے والے حضرات کتاب کے حصول کے لئے ڈائریکٹ مؤلف کتاب مفتی اشفاق صاحب سے اس نمبر پر 9897877332 رابطہ کرسکتے ہیں، قیمت درج نہیں ہے۔
