(سدھارتھ نگر): بزمِ اربابِ ادب اٹوا کی 90ویں ماہانہ طرحی ادبی نشست جناب نسیم زاہد صاحب کی صدارت اور جناب جمال اجمل کی نظامت میں بمقام جمال ٹریڈرس منعقد ہوئی اور شب میں آن لائن تحریری مشاعرہ بھی ہوا جس میں قرب و جوار اور دور دراز کے شعراء کرام نے شرکت کی اور اپنے کلام پیش کیے، منتخب اشعار اردو دوست، ادب نواز قارئین کی نذر ہیں۔

کفِ افسوس ملنے کے سواۓ کیا کریں اب ہم

تفاخر، خود نمائی، خودسری نے ہم کو لوٹا ہے

جمال قدوسی

ادھر تم ہو کہ صبح کروفر ہے مہرباں تم پر

ادھر ہم ہیں کہ شام بے کسی نے ہم کو لوٹا ہے

نسیم زاہد

پسینہ بیچ کر دو جون کی روٹی نہیں ملتی

تمہارے راج میں فاقہ کشی نے ہم کو لوٹا ہے

برہم دیوشاستری پنکج

متاعِ زندگی اپنی کوٸی یونہی لٹاتا ہے

بناکر اپنا دیوانہ کسی نے ہم کو لوٹا ہے

ڈاکٹر ایاز اعظمی

خزاں کو بے سبب بدنام کرنےمیں لگے ہیں سب

چمن خود کہہ رہا ہے سنتری نے ہم کو لوٹا ہے

جمال اجمل

بہتر قسم کے وعدے سرِ محفل وہ کرتا تھا

عجب لالچ دلاکر منتری نے ہم کو لوٹا ہے

التجا حسین نور صدیقی

جلاٶ علم کی شمعیں کرو روشن جہاں یارو!

کہ ہر میدان میں جو تیرگی نے ہم کو لوٹا ہے

سید عزیز الرحمٰن عاجز

زباں گونگی ہے میرِ کارواں کے کان بہرے ہیں

سیاست کی ہماری بےبسی نے ہم کو لوٹا ہے

ارشد اقبال

تمہاری یاد میں جاناں بھٹکتے پھر رہے ہیں ہم

تمہیں کو چاہنے کی بےبسی نے ہم کو لوٹا ہے

عبدالرب جوہر

پہن لی جب شرافت کا لبادہ ہوگئے بے بس

یہاں ہر اک قدم پر سادگی نے ہم کو لوٹا ہے

  شکیل ضاغط

ستم چپ چاپ آخر کب تلک سہتے رہیں گے ہم

ہمیں معلوم ہے جب خامشی نے ہم کو لوٹا ہے

شفیق شہپر

ملے ہم آج خود سے تو یہی ثابت ہوا زاہد

بڑی سنجیدگی سے زندگی نے ہم کو لوٹا ہے

صلاح الدین زاہد

ترس آیا ذرا سا نہ ہماری خستہ حالی پر

نشےمیں عیش وعشرت کےغنی نے ہم کو لوٹا ہے

ضمیراحمدضمیرقاسمی

لگاٶ تہمتیں نہ میکشی پہ اے جہاں والو!

ہم عاشق ہیں اداۓ عاشقی نے ہم کو لوٹا ہے

سلمان حنیف کمہریاوی

کسی کی شوخیوں پرلٹنےوالے اور ہی ہوں گے

کسی کی حدسے زیادہ سادگی نے ہم کولوٹا ہے

نیازاحمدکپلوستوی

بہت سے لوگ شامل ہیں ہمیں برباد کرنے میں

بتائیں نام کس کا ہر کسی نے ہم کو لوٹا ہے

عبدالمبین مبیں ایس نگری

   اخیر میں صدر نشست نے اپنے صدارتی کلمات میں شعراء کی کاوشوں کو سراہتے ہوۓ انہیں مبارک باد پیش کی ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے