علامہ سید سلیمان ندویؒ امت اسلامیہ کی ایک عبقری شخصیت تھے ، ان کی ذات جامع الکمالات تھی ، اللہ تعالیٰ نے ان کے ذریعہ علوم اسلامیہ کی تشریح وتدوین اور عصری اسلوب میں باطل اعتراضات اور بے جا شکوک وشبہات کے ازالہ کا ایسا مہتم بالشان کام لیا،جو رہتی دنیا تک ان شاء اللہ یاد گارر ہے گا ، ان خیالات کا اظہار مہتمم دار العلوم ندوۃ العلماء حضرت مولانا ڈاکٹر سعید الرحمن اعظمی ندوی نے سوانح سید الطائفہ علامہ سید سلیمان ندوی ( مولفہ مولانا ڈاکٹر محمد فرمان ندوی استاذ دار العلوم ندوۃ العلماء ) کا ااجراء کرتے ہوئے کیا ۔
مولانا نے مزید کہا کہ وہ ندوۃ العلماء کے مایہ ناز فاضل اوراس کی نمائندہ اور مثالی شخصیت ہیں، ندوہ کی فکر کی ترجمانی انہوں نے پوری زندگی کی ، اس پر اُن کے خطبات ومقالات اور علمی تصنیفات شاہد عدل ہیں،مولانا محمد فرمان ندوی کی یہ کتاب علامہ سلیمان ندوی کی شخصیت سے واقف ہونے کے لئے سنگ میل ہے ۔
ناظم ندوۃ العلماء مولانا سید بلال عبد الحی حسنی ندوی نے کہا : ندوۃ العلماء کی نمائندہ شخصیات میں علامہ سید سلیمان ندوی رحمۃ اللہ علیہ ہیں ، ان کا عظیم الشان کارنامہ سیرت النبی کی تکمیل ہے ، اسلامی شریعت کو اگر ہم جاننا چاہتے ہیں تو سیرت النبی کا مطالعہ ضروری ہے ، ان کی کتابیں اعتدال و جامعیت کا نمونہ ہیں ، علامہ سید سلیمان ندوی جیسی شخصیتیں خال خال پیدا ہوتی ہیں ،علامہ سید سلیمان ندوی کی شخصیت پر ضخیم اور طویل کتابیں موجود ہیں ،لیکن عصر حاضر کے پیش نظر ضرورت تھی کہ نئے اسلوب میں متوسط درجے کی ایک کتاب مرتب کی جاتی ، سابق ناظر عام مولانا سید محمد حمزہ حسنی ندوی کے ایماء پر مولانا محمد فرمان ندوی نے یہ کتاب مرتب کی ہے ، جو عوام و خواص کے لئے یکساں مفید ہے ، طلباء مدارس خاص طور سے اس کتاب سے مستفید ہو سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ کتاب دو سو بتیس صفحات پر مشتمل ہے ، اس میں تین ابواب ہیں : پہلا باب سوانح و حالات زندگی ، دوسرا باب علمی وملی خدمات و تصنیفات کے تعارف پر مشتمل ہے ، اور تیسرا باب علوم و افکار کا خلاصہ ہے ، یہ کتاب مجلس صحافت ونشریات ندوۃ العلماء سے شائع ہوئی ہے ،اس کتاب پر مقدمہ حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی کے قلم سے ہے ، انہوں نے لکھا ہے کہ مولانا سید سلیمان ندوی کی زندگی اور تربیتی فکر پرمولانا محمد فرمان ندوی کی تحریر کردہ یہ نئی کتاب سامنے آرہی ہے ، جس میں اچھے سلیس انداز میں مولانا سید سلیمان ندوی کی شخصیت کو پیش کیا گیا ہے ۔مولانا محمد فرمان ندوی نے اس سے پہلے بارہ سو صفحات میں علامہ سید سلیمان ندوی کے تفسیری نکات جمع کئے ہیں ، جو دو جلدوں میں مجلس تحقیقات و نشریات اسلام سے شائع ہوچکی ہے ۔
اس موقع پر ناظر عام ندوۃ العلماء مولانا سید جعفر مسعود حسنی ندوی ، معتمد مال ڈاکٹر محمد اسلم صدیقی ، رکن مجلس نظامت ندوۃ العلماء مولانا اسماعیل بھولا ندوی ، مولانا کلام الدین ندوی ، مولانا عبد اللہ مخدومی ندوی ، حافظ مصباح الدین ، ذبیح اللہ و غیرہ موجود تھے ۔
