بیدر۔ 13؍ستمبر (پریس نوٹ): اردو کے شاعر ،ا دیب اور صحافی جناب محمدیوسف رحیم بیدری نائب صدرادارہ ء ادبِ اسلامی ہند کرناٹک نے14؍ستمبر ’’ہندی ڈے‘‘ کے موقع پر آج جمعہ کو ایک پریس نوٹ جاری کرکے کہاہے کہ ہندوستان مختلف زبانوں کی رنگا رنگی لئے ہزاروں سال سے آبادہمارا گنگاجمنی دیش ہے۔
آزادی کے بعد 15 زبانوں کو ہندوستانی کرنسی پرجگہ دی گئی جن میںپریم چند ، جگن ناتھ آزاد، غالب اور میرؔکی اُردو زبان بھی شامل ہے۔ اسی طرح بلامبالغہ ہندوستان میں سینکڑوں زبانیں روزمرہ کے استعمال میں ہیں اور بولی جاتی ہیں ۔ چند ایسی زبانیںبھی ہیں جو سینکڑوں سال سے بولی جاتی ہیں لیکن ان کااملا ابھی تک وجود میں نہیں آیا۔ ہندوستان کی لسانی تہذیب کی یہی رنگارنگی ساری دنیا کومتاثرکرتی ہے۔
جناب رحیم بیدری نے آگے کہاکہ اسی ہندوستان میں ٰہندوستان کی غالب آبادی ہندی زبان پڑھتی، لکھتی اور اسی زبان میں شاعری کرتی ہے ۔ ہندی زبان کے کویوں(شعراء) میں کچھ کوی (شاعر)ایسے بھی ہیں جو اردو زبان سے بے حد متاثر ہیں۔ لہٰذا ہندی پڑھنے والے طلبہ ، ہندی سے محبت کرنے والی عوام اور اردو زبان سے متاثر ہندی کویوں(شعراء) کو میری جانب سے ’’ہندی دِوس‘‘کی مبارکباد ۔میری نیک تمنائیں ہندی بولنے والی عوام اور ہندی کویوں (شعراء) کے ساتھ ہیں۔ اور یوں بھی ہندی زبان ہماری راج بھاشا ہے۔ اس زبان کی اہمیت کو ہم سمجھیں اور ہندی ادب کواردو لکھنے پڑھنے والے سمجھنے کی کوشش کریں۔ ہندی اردو محبت زندہ باد ۔
