رپورٹ: ذوالقرنین احمد
ممبئی (۲۱ ستمبر): طلبہ میں موجود مخفی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی غرض سے ہر سال ممبئی عظمیٰ میونسپل کارپوریشن مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کرتی ہے۔ اسی کا ایک جز ہے تقریری مقابلہ۔ یہ مقابلہ پہلے مرحلے میں اسکول سطح پر لیا جاتا ہے۔ اسکول میں پہلا مقام حاصل کرنے والے طلبہ کا مقابلہ وارڈ سطح پر لیا جاتا ہے ۔ ممبئی کے ایف شمال وارڈ کا مقابلہ آج وامن راؤ مہاڈک اسکول کیمپس میں وارڈ کے بیٹ آفیسر جناب قیوم تڑوی سر کی زیر نگرانی میں عمل میں آیا۔ گروپ اول ، گروپ دوم اور گروپ سوم میں ۳۶ طلبہ (ہر گروپ سے ۱۲ طلبہ) نے حصہ لیا۔ ججز کے طور پر محترم جمیل فاروقی سر، محترم شکیل انصاری سر اور محترمہ شیخ سلطانہ مس نے فرائض انجام دیے۔
جلسہ تقسیم انعامات میں ججز کا بطور مہمان گل پیشی کے ذریعے استقبال کیا گیا۔ جلسہ میں موجود تمام صدور مدرسہ کا بھی استقبال کیا گیا ۔ ججز نے اپنے تاثرات پیش کیے اور طلبہ کی رہنمائی کی ۔
ہر گروپ سے اول، دوم اور سوم مقام حاصل کرنے والے طلبہ کو ٹرافی اور سند دے کر حوصلہ افزائی کی گئی ۔ اور دیگر طلبہ کو سند دی گئی ۔واضح رہے کہ یہ ٹرافی اور اسناد بیٹ آفیسر جناب قیوم تڑوی سر نے ذاتی طور پر دی۔ ججز نے بھی اپنی طرف سے ہر گروپ کے اول دوم سوم طلبہ کو لفافہ بطور ہدیہ پیش کیا۔
ججز نے اپنے تاثرات پیش کیے اور طلبہ کی رہنمائی کی ۔اس تقریب میں خلیل سر، انصار سر اور انور سر نے نظامت کے فرائض انجام دیے ۔ عبد الرزاق سر نے اغراض ومقاصد پیش کیے۔ ذیشان سر کے اظہار تشکر پر جلسہ کا اختتام ہوا۔
