ڈومریا گنج (سدھارتھ نگر): آج بتاریخ 5 اکتوبر 2024 بروز سنیچر خیر ٹیکنیکل انٹر کالج ڈومریاگنج کے زیر اہتمام کانفرنس ہال جامعہ اسلامیہ خیرالعلوم میں مرحوم ڈاکٹر عبدالباری خان رحمہ اللہ کی یاد میں تعلیمی بیداری پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ مہمان اعزازی مولانا عبداللہ سلفی نے بچیوں کی تعلیم: ضرورت اور مشکلات کے موضوع پر طالبات کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچیوں کو حصول علم کے لئے سارے ذرائع کو اختیار کرتے ہوئے اس میدان میں آگے بڑھنا چاہئے۔ اگر بچیاں تعلیم کے معاملے میں غفلت برتیں گی تو ہندوستان میں ہمارا مستقبل اور بھیانک ہو جائے گا۔ اس لئے ہر سطح پر ملت میں تعلیمی شعور پیدا کرنے کی سخت ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسلام نے حصول علم کے تعلق سے مرد و عورت میں کوئی تخصیص نہیں کی ہے۔ مسلمانوں کی پسماندگی کے مختلف وجوہات ہیں لیکن جب تک مسلمان اپنی تعلیمی ترجیحات طے نہیں کرےں گے ان کے دیگر مسائل بھی حل نہیں ہوں گے۔

مولانا عبدالستار سراجی نے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مذہب سماج کی تشکیل میں عورت کا کردار بہت اہم ہوتا ہے اس لئے ہمیں چاہئے کہ اپنی بچیوں کو تعلیم کی طرف راغب کریں اور انھیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں یہ وقت کا اہم تقاضا ہے۔ مہذب سماج کی تشکیل تبھی ممکن ہے جب بچیاں اعلی تعلیم حاصل کریں گی۔ سماج کو بچیوں کی تعلیمی قابلیت کی اشد ضرورت ہے بالکل اسی طرح جیسے تعلیم یافتہ بچوں کی ضرورت ہے۔ مہذب سماج کی تشکیل میں عورتوں کا کردار مردوں کے کردار کے مقابلے میں زیادہ اہم ہے کیونکہ عورت ماں ہے اور ماں کی گود میں صالح معاشرہ پرورش پاتا ہے۔ ماں اپنی تربیت سے نسل نو کو کردار و عمل کا ایسا نمونہ بنا سکتی ہے جو انسانیت کے لئے باعث فخر ہے۔

مہمان اعزازی مولانا محمدا براہیم مدنی نے طالبات کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علم کے ساتھ ساتھ تربیت کی بھی بہت ضرورت ہے۔ ہمیں بچپن سے ہی تعلیم و تربیت پرخصوصی توجہ دینی چاہئے۔ موبائل فون کا غلط استعمال سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے بچیوں کے بارے میں پتا نہیں ہے کہ وہ کس کے آلہ کار بن رہی ہیں۔ آج ہر ہاتھ میں موبائل فونز ہے۔ سوشل میڈیا کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے لیکن ہم اس سے بے خبر ہیں کہ ہماری نسلیں کدھر جا رہی ہیں۔ والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کا دھیان رکھیں کہ ہماری بچیاں موبائل میں کیا کررہی ہیں۔ انھیں کے ہاتھوں میں قوم کا مستقبل ہے اگر انھیں صحیح تعلیم و تربیت سے نہیں سنوارا گیا تو یہ بڑی تباہی کا سبب بن سکتی ہیں۔شمیم بانو چیف انسٹرکٹر مدرسہ منی آئی ٹی آئی کلیة الطیبات نسواں کالج نے بھی خطاب کیا۔

پروگرام کا آغاز شفق فاروقی کے تلاوت کلام پاک سے ہوا اور مبشرین اختر نے اس کا ترجمہ اردو و انگریزی زبان میں کیا۔ مبشرہ نرگس نے حمد پیش کیا اور پروگرام کے اخیر میں ترانہ جامعہ پیش کیا گیا۔ فیاض احمد ( پرنسپل )خیر ٹیکنکل انٹر کالج نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کی صدارت مولانا محمد ابراہیم مدنی نے کی اور نظامت کا فریضہ جمال احمد خان نے انجام دیا ۔ اس موقع پر ارشاد احمد، محمد عمران بیگ، اسراراللہ خان، مینا بانو، تحسین فاروقی، شہناز، اربیس فاطمہ ،آفتاب عالم و دیگر اسٹاف موجود رہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے