FMEIکی تیسری ریاستی کانفرنس میں سرورق کی رونمائی
بیدر۔ 5؍نومبر (محمدیوسف رحیم بیدری): فمی (FMEI) کی تیسری دوروزہ ریاستی کانفرنس بیدر کے شاہین کالج میں شاندار پیمانے پرمنعقد ہوئی۔ اس موقع پر جناب محمد عبداللہ جاوید صاحب کی تحریر کردہ تفسیر ’’بیان العلم‘‘کے سرورق کی رونمائی جناب مجتبیٰ فاروق ٹرسٹی مرکزی تعلیمی بورڈ اور ڈاکٹر عبدالقدیر چیرمین شاہین ادارہ جات بیدرکے موجودگی میں عمل میں آئی۔ اس موقع پر جناب محمد آصف الدین ریاستی سکریڑی فمی (FMEI)، محمد عبداللہ جاوید ، محمدعارف الدین معاون امیرمقامی جماعت اسلامی ہند بیدر، محمد شفیع الدین ، سید سہیل احمداور دیگر شہ نشین پرموجودتھے۔ دراصل یہ قرآنی تفسیر’’بیان العلم‘‘ اساتذہ اور تعلیم و تعلم سے دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے خاص ہے.
اس تفسیر میں 15 اسباق ہیں جن کی منتخب قرآنی آیات اور 45 تفاسیر کی روشنی میں تشریح کی گئی ہے اور ہر سبق کے آخر میں نصاب برائے غور و فکر، عمل اور علمی ارتقاء پیش کیا گیا ہے۔علم، مقاصد علم، تصور معلم، اوصاف معلم، طریقہ تدریس، تزکیہ نفس، ذرائع تربیت، مطلوب طالب علم، بحث و تحقیق، اساتذہ کا داعیانہ کردار جیسے موضوعات اس میں شامل ہیں۔تعلیم کے عصری تقاضوں کے پیش نظر قرآنی تعلیمات کی سائنٹفک تشریح کی گئی ہے، سمجھانے کے لیے چارٹس اور گرافکس کا استعمال کیا گیا ہے. اس کے علاوہ طلبہ کی تعلیمی و اخلاقی صورت حال سے متعلق قومی سروے اور سائنسی تجربات بھی شامل کئے گئے ہیں۔ اس کے بارے میں کسی بھی قسم کی معلومات کیلئے جناب محمد عبداللہ جاوید سے 9845547336 پررابطہ کیاجاسکتاہے۔
