بیدر۔ 9؍نومبر (پریس نوٹ): الامین ڈگری کالج کے ذرائع کے بموجب آج 9؍نومبر کو الامین ڈگری کالج بیدر میں ’’عالمی یومِ اردو‘‘ پروگرام منعقد کیاگیا۔ جس کاافتتاح آرگنائزر محترمہ سیدہ کریم النساء قادری شعبہ ء اردو نے کیا۔ اس پروگرام کے مہمان خصوصی جناب محمد خواجہ پرنسپل الامین ڈگری کالج ، وائس پرنسپل محمد مقبول احمد کے علاوہ دیگر لیکچرر تھے۔ بی اے اور بی ایس کی تمام طالبات نے شرکت کی۔ پروگرام کاآغاز مولانا شمس الھدیٰ کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ حمد کو نورین بیگم بی ایس سی ، تھرڈ سم نے پڑھا۔ نعت شریف کی سعادت سمیہ فاطمہ بی ایس سی تھرڈ سم نے حاصل کی۔ بی اے فرسٹ سم کی عرشیہ بیگم نے اپنی تقریر میں علامہ اقبال کی خوبیوں کو پیش کیا اور ا ن کی شاعری کے بارے میں بتایا۔ دوسری تقریر بی ایس سی فرسٹ سم کی رقیہ بیگم نے بہت ہی عمدہ طریقے سے پیش کرتے ہوئے علامہ اقبال کے کارناموں کواجاگر کیا۔ مسلمانوں کے لئے اقبال کی ہمدردی اور ان کی شاعری نے مسلمانوں کے اندر جو نیاولولہ اور جوش پید اکیا، اس کی بابت باتیں بتلائیں۔ نکہت اِرم کی تقریربھی بہتر ین رہی۔ کافی اشعار کااستعمال انھوں نے کیا۔ بی ایس سی فرسٹ سم کی افشاں انجم نے علامہ اقبال کی ایک غزل پڑھ کر سنائی۔ بی اے فرسٹ سم کی ذکریٰ نے اشعار پیش کئے۔ اختتامی کلمات محترمہ شافعہ فرحین شعبہ ء انگریزی نے بیان کئے۔
