عائشہ ہارٹ سینٹر گورکھناتھ گورکھپور کے پروپرائٹر ڈاکٹر مشتاق صاحب کے والد محترم مرحوم حمید اللہ کے انتقال پر ملال پر جمعیت علماء ساؤتھ زون ممبئی مسجد بی آئی ٹی بلاک بھنڈی بازار کے خطیب قاری منیر صاحب کے خلیفہ علماء کے خادم مولانا لیاقت علی صاحب کی صدارت میں ڈاکٹر مشتاق صاحب کے دولت کدہ پر تعزیتی میٹنگ کا انعقاد ہوا، جس میں دارالعلوم عمر فاروق پرسونی کے حافظ محمد شعیب، مدرسہ دین محمدی رانی پور کے مولانا عبدالحلیم قاسمی، کمپیر گنج کے حافظ جمال احمد، مولانا ضیاء الرحمن قاسمی، حافظ محمد صادق، مگہر کے عمران علی، جامعہ دار السلام اہرولی کے حافظ محمد عمر نے شرکت فرمائی۔
گورکھپور جمعیت علماء کے صدر مولانا محمد اطہر صدیقی قاسمی نے مرحوم حمید اللہ کے اوصاف حسنہ کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ مرحوم بہت ہی صاف دل انسان تھے، جھوٹ اور مکر سے کوسوں دور رہتے تھے، سچائی کے علمبردار تھے، گھر والوں کو اسی راستے پر چلنے کی تلقین کیا کرتے تھے۔ ڈاکٹر مشتاق صاحب کو مخاطب کر کے مولانا محمد اطہر صدیقی قاسمی نے کہا کہ ورثاء اگر صاحب حیثیت ہیں تو ان کو چاہیے کہ مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے کسی جگہ پانی کا ایسا انتظام کریں جس سے زیادہ سے زیادہ لوگ فیض حاصل کرسکیں یا مرحوم کے نام کسی مدرسہ یا مسجد کی تعمیر میں حصہ لے لیں یا ان کے لئے ان کی اولاد صدقہ جاریہ کے اسباب کرتے رہیں اور نفلی عبادات کرکے ان کو بخشا جاتا رہے۔
آخر میں مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعاکی گئی۔ اللہ حمید اللہ مرحوم کی مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلٰی مقام عنایت فرمائے، آمین۔
