اٹوا (سدھارتھ نگر): بزم ارباب ادب اٹوا کی 94ویں طرحی ادبی نشست بطورِ مہمانِ خصوصی تشریف لاۓ جناب ظفر محمدی صاحب تلسی پوری کی صدارت اور جناب التجا حسین نور صدیقی صاحب کی نظامت میں جمال ٹریڈرس پر منعقد ہوئی اور شب میں آن لائن تحریری مشاعرہ ہوا جس میں قرب وجوار اور دور دراز کے شعراء نے اپنے کلام پیش کیے منتخب اشعار اردو دوست، ادب پسند، باذوق قارئین کی بصارتوں کے حوالے ہیں۔
ہوتے ہیں ماں باپ کے سارے یہی ارماں جمال
میرا بیٹا نام دنیا میں مرا روشن کرے
جمال قدوسی
اس نگارِ مہ جبیں کی جلوہ سامانی نہ پوچھ
جتنا پوشیدہ رکھے اتنا حیا روشن کرے
ڈاکٹر ایاز اعظمی
آئنے کو آپ کیوں الزام دیتے ہیں جناب
آئنہ تو صرف چہرہ آپ کا روشن کرے
ہدایت اللہ خان شمسی
رات کی تاریکیوں میں کیا کروں گا میں چراغ
جب شبِ دیجور کو جانِ وفا روشن کرے
التجاحسین نورصدیقی
پھرکوئی آواز اٹھے لےکے نورِ انقلاب
جہل کے ایوان میں بانگ درا روشن کرے
عبدالاول اول سنگرام پوری
خانہ ء ظلمت میں اس شمع فروزاں کوسلام
جو ضیآء حسن سے بزمِ وفا روشن کرے
ارشد اقبال
نیک تھا انسان عاجز جرم کچھ اس کا نہ تھا
دیش کا دشمن بناکر میڈیا روشن کرے
سیدعزیزالرحمان عاجز
کون اب شب کے اندھیروں میں دیا روشن کرے
نفرتوں کے شہر میں مہرووفا روشن کرے
شکیل ضاغط
بجھ چکے ہیں آسماں پر ماہ وانجم آفتاب
ایک ہی جگنو اکیلا کیسے کیا روشن کرے
محمدجمال اجمل
زندگی تاریکیوں میں ہر طرف سے گھرگئی
کوئی تو آکر یہاں حکمِ خدا روشن کرے
جنیدفرہاد لٹیاوی
زندگی کی دھوپ میں سایہ بنے اس کا کرم
سختیوں کے موڑ کو اس کی دیا روشن کرے
ڈاکٹرخان ناصر
چند سکوں کی بدولت دل سے اس نے دی دعا
اے امیرِ شہر تیرا گھر خدا روشن کرے
عبدالمبین مبین ایس نگری
اس موقع پر کرم حسین صاحب عباس چودھری صاحب عبدالرقیب پردھان صاحب انور صاحب وغیرہ خصوصی طور پر موجود رہے۔
