مدہوبنی/بسفی: جمیعۃ علماء گونڈی ممبئی مہاراشٹر کے جنرل سکریٹری،جامعہ ام الہدی پرسونی مدہوبنی بہار کے باوقار سرپرست، مستند عالم دین حضرت مولانا محمد صدر عالم صاحب قاسمی دامت برکاتہم کی جامعہ ام الہدی پرسونی مدہوبنی بہار تشریف آوری ہوئی، ان کی آمد پر جامعہ کی منتظمہ نے کافی خوشی کا اظہار کیا اور ان کا پُرجوش خیر مقدم کیا۔

اس حسین موقع پر جامعہ کے احاطے میں ایک مختصر استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں جہاں جامعہ کے شیخ الحدیث و صدر المدرسین مفتی اسعد اللّٰہ قاسمی مظاہری نے حضرت سرپرست محترم کی خدمت  میں جامعہ کی تعلیمی و انتظامی سالانہ عمومی رپورٹ پیش کی ، وہیں جامعہ کے مدرّس و محاسب مولانا محمد ضیاء الحق نے سالانہ آمد و صرفہ کی تفصیلی روداد پیش کی ،جس کا انہوں نے کافی سنجیدگی سے ناقدانہ و منصفانہ جائزہ لیا اور کافی اطمینان و مسرت کا اظہار فرمایا اور جامعہ کی تعلیمی و انتظامی ترقی کے حوالے سے سے  مفید تجاویز سے نوازا، علاوہ ازیں حضرت سرپرستِ محترم نے جہاں منتظمین و معلمین کے سلسلے میں حوصلہ بخش اور ہمت افزا کلمات کہے وہیں انہوں نے جامعہ کی فلاح و کامرانی کے حوالے سے دل کھول کر دعائیں بھی دیں۔

اس موقع پر جامعہ کے نگرانِ اعلیٰ حاجی نثار احمد کے علاوہ جامعہ کے  اراکین و ممبران میں سے  مولانا محفوظ الرحمن سلفی ،ماسٹر انوار الحق ، سابق مکھیا عبدالخالق  اور زبیر شاہ وغیرہ موجود تھے ۔

واضح رہے کہ جامعہ ام الہدی  "الہدیٰ ایجوکیشنل اینڈ چیریٹیبل ٹرسٹ پرسونی مدہوبنی بہار” کے زیرِ اہتمام بچیوں کی تعلیم وتربیت کے حوالے سے ایک شہرت یافتہ دینی وعصری دانش گاہ  ہے،جہاں بشمول میٹرک نورانی قاعدہ سے بخاری شریف تک کی معیاری ومثالی تعلیم دی جاتی ہے ،اور جواپنی تاسیس سے لے کر تاہنوز گذشتہ سات سالوں میں تعلیم وتربیت کے میدان میں حیرت انگیزترقی کی ہے،الحمدللہ جامعہ کے قیام سے بستی اور گردونواح کی بچیوں اورخواتین میں تعلیمی بیداری آئی ہے،اسلامی حجاب کو فروغ ملاہے،دینی تہذیب وثقافت کی جڑیں مستحکم ہوئی ہیں۔اللہ تعالیٰ جامعہ کو صبحِ قیامت تک آباد وشاداب رکھے، آمین۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے