گورکھپور (اترپردیش): جمعیت علماء گورکھپور کے صدر مولانا محمد اطہر صدیقی قاسمی نے اپنے تعزیتی پیغام میں بتایا کہ حافظ خلیل دار فانی سے دار بقا کی طرف کوچ کر گئے۔ مرحوم حافظ خلیل نے اتنے حفاظ پیدا کئے کہ آج ہندوستان کا کوئی شہر ایسا نہیں ہوگا جہاں آپ کے شاگرد قرآن کی خدمت پر مامور نہ ہوں، یہی ان کے نجات کا ذریعہ ہے۔
مرحوم ایک عرصے تک مدرسہ اسلامیہ بھٹنی میں طلباء کو حفظ کی تعلیم دیتے رہے اور دیگر درسگاہوں کی نگرانی بھی کرتے رہے جس کی وجہ سے مدرسہ اسلامیہ بھٹنی بام عروج پر پہونچا، اس کے بعد کرمڈیہ بگی روڈ گونڈہ میں مدرسہ قائم کیا جو آج شاندار عمارت اور شاندار تعلیم و تربیت کے لئے جانا جاتا ہے۔ گورکھپور میں بھی آپ کے شاگردوں کی بہتات ہے، جن میں مولانا صادق علی قاسمی، حافظ زاہد وغیرہ قابل ذکر ہیں۔
مرحوم اخلاق و کردار کے پیکر تھے، لوگوں سے بے پناہ محبت کرتے۔ آج اگرچہ ہمارے درمیان نہیں ہیں لیکن ان کی تعلیمی کاوشیں ان کے شاگردوں کے ذریعے ان کی یاد دلاتی رہیں گی۔ دعا ہے اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلٰی مقام اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے آمین۔
