بارہ بنکی،(ابوشحمہ انصاری): ممتاز سیاسی و سماجی رہنما ڈاکٹر عمار رضوی نے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال پر تعزیت پیش کرتے ہوٸے کہا کہ ڈاکٹر سنگھ کی بے مثال خدمات کو دیکھتے ہوۓ ان کا کردار بھارت کی تاریخ میں سنہرے الفاظ میں لکھا جائے گا۔ ڈاکٹر رضوی نے کہا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کی قیادت میں بھارت نے اقتصادی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کیا۔ ان کی اقتصادی پالیسیوں نے ملک کو عالمی معیشت میں ایک مضبوط مقام دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ڈاکٹر رضوی نے مزید کہا کہ منموہن سنگھ ایک نرم مزاج، دیانت دار اور مدبر شخصیت کے حامل رہنما تھے، جنہوں نے اپنی محنت اور دور اندیشی سے عوامی خدمت کی نئی مثالیں قائم کیں۔ ان کی قیادت میں بھارت نے مالیاتی استحکام، بین الاقوامی تعلقات میں بہتری اور سماجی ہم آہنگی کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
ڈاکٹر عمار رضوی نے کہا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ نہ صرف ایک قابل اقتصادی ماہر تھے بلکہ وہ اخلاقی اقدار کے بھی علمبردار تھے۔ ان کا طرز عمل سیاست میں شرافت اور دیانت داری کی عکاسی کرتا ہے، جو آج کے سیاسی ماحول میں ایک نایاب مثال ہے۔
ڈاکٹر عمار رضوی نے کہا کہ ان کی خدمات کو عوام کے لیے مشعل راہ بنائے۔ ملک ان کی بے مثال قیادت اور خدمات کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔
