پلانٹ کیلئے 10 ہزار مربع میٹر اراضی کے ساتھ تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کی ضلع انتظامیہ کی یقین دہانی
بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری): ضلع میں جلد ہی سالڈ ویسٹ سے گرین انرجی کی پیداوار کا منصوبہ عمل میں آئے گا۔ جنوبی کوریا سے آئے سانگوان کم نے جمعہ کے روز ضلع مجسٹریٹ ستیندر کمار کے سامنے پلانٹ کے قیام کے لیے ایک تجویز پیش کی۔ یہ پلانٹ اکنامک ڈیولپمنٹ کارپوریشن فنڈ کے تحت قائم کیا جائے گا، جس پر ایک ہزار کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ یہ پلانٹ دس ہزار مربع میٹر زمین پر لگے گا، جس کے لیے ضلع انتظامیہ زمین فراہم کرے گا، اور اس سلسلے میں ڈی ایم نے اپنی منظوری دے دی ہے۔
ضلع مجسٹریٹ ستیندر کمار نے بتایا کہ پلانٹ کے قیام سے نہ صرف ویسٹ ڈسپوزل میں بہتری آئے گی بلکہ توانائی، روزگار اور آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔ بھارت سرکار اور جنوبی کوریا کے تعاون سے مختلف اضلاع میں ویسٹ ٹو گرین انرجی کے پلانٹ قائم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
ضلع مجسٹریٹ کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، جمعہ کو سانگوان کم کی قیادت میں جنوبی کوریا کا ایک وفد بارہ بنکی پہنچا۔ کلکٹریٹ کے کانفرنس ہال میں ڈی ایم ستیندر کمار کی صدارت میں جنوبی کوریا کے وفد کے ساتھ ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سانگوان کم نے ضلع بارہ بنکی میں سالڈ ویسٹ سے گرین انرجی پیدا کرنے کے لیے اکنامک ڈیولپمنٹ کارپوریشن فنڈ کے تحت پلانٹ قائم کرنے کی تجویز پیش کی۔
پریزنٹیشن کے دوران بتایا گیا کہ ایک ہزار کروڑ روپے کے ای ڈی سی ایف فنڈ سے بھارت سرکار اور جنوبی کوریا مشترکہ طور پر مختلف اضلاع میں ویسٹ ٹو گرین انرجی کے پلانٹ قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اجلاس کے دوران میونسپل کارپوریشن کے ایگزیکٹو آفیسر اور سوچھ بھارت مشن کے پروجیکٹ مینیجر نے ضلع میں جمع ہونے والے کچرے اور ویسٹ کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔
ڈی ایم ستیندر کمار نے ضلع کے کچرا مینجمنٹ اور اس کی نکاسی کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے وفد کے ساتھ پلانٹ کے قیام کی ضروریات پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈی ایم نے وفد کو یقین دلایا کہ ضلع میں پلانٹ کی ضروریات کے مطابق سالڈ ویسٹ فراہم کیا جائے گا اور دیگر اضلاع سے بھی کچرا جمع کرکے پلانٹ میں بطور خام مال استعمال کیا جا سکتا ہے۔
سانگوان کم نے بتایا کہ بارہ بنکی میں پلانٹ کے قیام سے آس پاس کے اضلاع سے بھی کچرا جمع کیا جا سکتا ہے۔ اس منصوبے کے لیے 10 ہزار مربع میٹر زمین کی ضرورت ہوگی، جس کے بارے میں ڈی ایم نے یقین دلایا کہ زمین اور دیگر ضروری امور میں ضلع انتظامیہ مکمل تعاون فراہم کرے گی۔
اس اہم اجلاس میں پروجیکٹ کے کنٹری ہیڈ سدھارتھ رویندرن، وجے پانڈے، پرتیش پانڈے، ڈپٹی کمشنر انڈسٹریز آشو توش سریواستو، پروجیکٹ ڈائریکٹر یوپی نیڈا، ایگزیکٹو آفیسر میونسپل کونسل، وزیر اعلی کے صنعتی دوست ایف، رحمان انصاری، چیئرمین آئی آئی اے راجیش کمار تیواری، اور گرین وئیر فیشن لمیٹڈ کے یونٹ ہیڈ ابھیشیک پاٹھک سمیت کئی افسران موجود رہے۔
ڈی ایم نے بتایا کہ پلانٹ کے قیام سے نہ صرف کچرے کی نکاسی بہتر ہوگی بلکہ توانائی، روزگار اور ضلع کی آمدنی میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔
