بیدر۔ 16؍جنوری(محمدیوسف رحیم بیدری): دن دہاڑے قتل اور ڈکیتی کی وارداتیں ہونے کا مطلب یہ ہے کہ بیدر ضلع کاانتظامیہ ختم ہوچکاہے۔ ابھی کچھ دن پہلے سچن پنچال نے خود کشی کی تھی اور اب ایک بے گناہ عملے کی جان بغیر کسی وجہ کے چلی گئی ہے۔ ایسا لگتاہے، ضلع میں عام لوگ سکون سے نہیں رہ سکیں گے، یہ ضلع انچارج وزیر کی مکمل انتظامی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ بی جے پی کے سابق مرکزی وزیر بھگونت کھوبا نے ضلع انچارج وزیر ایشور کھنڈرے سے کہاہے کہ وہ اس کی ذمہ داری لیتے ہوئے انچارج وزیر ہونے کے اپنے عہدے سے وہ فوری استعفیٰ دیں۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کے ضلع انچارج وزیر کی طرف سے افسران پر کنٹرول کا نہ ہونا، ملک دشمن واقعات اور سماج دشمن طاقتوں کے لئے تعاون مل رہاہے ۔ آج کی بینک ڈکیتی اور دوقتل سے ان قتل پسند عناصر کو حوصلہ ملتاہے۔ انھوں نے الزام لگایاکہ ، ضلع انچارج وزیر کی حد سے زیادہ مداخلت نے افسروں کے لیے گھٹن کا ماحول پیدا کر دیا ہے، جس کی وجہ سے ایسے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ ایشور کھنڈرے کو چاہیے کہ وہ عہدیداروں کو اپنا کام کرنے دیں۔ موصوف نے آگے بتایا،ڈی سی آفس، کورٹ اور تحصیل آفس قریب ہی واقع ہیں جہاں آج بینک رابری ہوئی اور دوملازمین اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھے ۔ اور یہ مقام ایسا ہے جہاں ہر وقت پولیس موجود رہتی ہے، اس کا مطلب یہ ہوا کہ اس طرح کے واقعات بتاتے ہیں کہ ضلع پولیس کا نظام ناکام ہوچکا ہے۔ انہوں نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس بینک کے رقم سارقین کو پکڑ سکتی ہے لیکن عملے کی جان واپس نہیں لاسکتی ۔ سابق مرکزی وزیر بھگونت کھوبا نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر بیدار ہو، مرنے والے اہلکاروں کے لواحقین کو ایک کروڑ روپے معاوضہ فراہم کرے، ضروری علاج اور زخمی اہلکاروں کو 50 لاکھ روپے معاوضہ فراہم کرے، اور اس گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو کیفر کردار تک پہنچائے۔ جلد از جلدان خاطیوں اور قاتلوں کو پکڑا جائے اور سخت ترین سزا دی جائے۔اس موقع پر، سابق مرکزی وزیر بھگونت کھوبا نے بیدر کے بریمس اسپتال کا دورہ کیا۔ گری وینکٹیش کے خاندان کو تسلی دی، جو اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھاہے۔ انھوں نے کہاکہ وہ ان کے ساتھ ہیں، اور ان سے معاوضہ طلب کرنے پر زور دیا۔ حکومت کی طرف سے اگر کوئی مسئلہ ہے تو مجھے بتائیں اور میں ان کے لیے انصاف کو یقینی بنانے کے لیے کام کروں گا۔ اس وقت اہل خانہ کا غم و غصہ عروج پر پہنچ چکا تھا۔یہ اطلاع سابق مرکزی وزیر نے ایک پریس نوٹ کے ذریعہ دی ہے۔
