ظہیرآباد 4/ فروری(مشرقی آواز جدید): یہ خوش نصیب لڑکا جو حضرت مولانا عبدالقوی صاحب مدظلہ العالی کے گود میں ہے وہ تعمیری کام میں مصروف ایک غیر مسلم خاتون لیبر کا ہے جو اس وقت مدرسہ سبیل الفلاح بنڈلہ گوڑہ حیدرآباد میں جاری تعمیرات میں بہ طورِ لیبر کام کررہی ہیں۔ حضرت والا جب کاموں کا جائزہ لے رہے تھے تو یہ بچہ ایک طرف پڑا رورہا تھا اور اس کی ماں اپنے کام میں مصروف تھی، حضرت والا نے اسے روتا دیکھ کر فوراً گود میں اٹھا لیا ، جیسے ہی اس خاتون نے حضرت کا یہ مشفقانہ طرزِ عمل دیکھا تو حیرت میں پڑگئی اور اس خاتون نے حضرت سے کہا کہ میری یہ خواہش تھی کہ اپنے بچے کو آپ کے گود میں دوں لیکن مجھے یہاں کام کرتے ہوئے اتنے دنوں میں کبھی یہ کہنے کی ہمت نہ ہوئی اور نہ مجھے یقین تھا کہ آپ اسے اپنی گود میں لیں گے اور یہ شفقت کریں گے بہرحال آج میری تمنا پوری ہوگئی۔
یقینا یہ وہ کردار ہے جس سے پتھر دل بھی موم ہوجائے اور عملی طور پر فریضہ دعوت کا حق بھی ادا ہوجائے۔
الله تعالی حضرت والا کے اس عمل کو قبول فرماکر اس کی برکت سے اس بچہ کو اور اس کے پورے خاندان کو آغوش اسلام میں پناہ دے دے۔ آمین.
