تربیتی اجتماع منعقدہ مسجد حضرت شاہ خاموشؒ بیدر سے اقبال الدین انجینئر کاخطاب

بیدر۔ 7؍فروری (پریس نوٹ): جس کو حکمت ملی ، اسے حقیقت میں بڑی دولت مل گئی۔ مصیبتیں اللہ کی طرف سے آتی ہیںتاکہ لوگوں کے دل نرم ہوں ۔ مصیبت اپنی اصلاح کاموقع فراہم کرتی ہے۔ موجودہ حالات اپنے مسائل خوف ِ خدا کے ذریعہ خود حل کرلینے کاپیغام دیتے ہیں۔ اللہ کاشکر اداکرنے کاطریقہ یہ ہے کہ گھریلو زندگی اللہ کے بتائے ہوئے طریقہ پر عمل کرتے ہوئے گزاریں ۔ تب ہی ہماری مصیبتیں دور ہوسکتی ہیں۔ اطاعت ِ رسول ﷺ کے بغیر اللہ سے محبت کاتصور ممکن نہیں ۔ ہمیں چاہیے کہ نمازاور صبر سے کام لیں ۔ اجتماعی قوت ہی ہمیں دنیا میں سربلند کرسکتی ہے۔ کیوں کہ پھوس کے پھولوں کاانبارخواہ کتنا ہی بڑا ہو، کبھی قلعہ نہیں بن سکتا۔ ان خیالا ت کا اظہار جناب اقبال الدین انجینئر نے ہفتہ واری تربیتی اجتماع منعقدہ حضرت مسجد شاہ خاموش ؒبیدر میں اپنے خطاب کے دوران کیا۔ اور آگے بتایاکہ فرمان ِ الٰہی ہے ’’لوگواللہ سے ڈرو، جس کاواسطہ دے کر تم ایک دوسرے سے اپنا حق مانگتے ہو۔ اور رشتہ وقرابت کے تعلقات کو بگاڑنے سے پرہیز کرو۔ نیکی یہ ہے کہ آدمی اللہ اوراس کی کتاب کو دل سے مانے ‘‘سب سے بڑا ہوشمند آدمی وہ ہے جس کازادِ راہ خوف ِ خدا ہو۔ گناہ دشمن کی تدبیروں سے بھی زیادہ انسان کے لئے خطرناک ہے۔ گناہ سے توبہ کرنے والا ، اس شخص کی طرح ہے جس سے گناہ ہواہی نہیں۔ شریعت اسلامی دنیااور آخرت کی سعادتوں کی ضامن ہے۔ ہمارے سب سے بڑے دشمن ہمارے برے ساتھی ہیں۔ جس نے ہم سے دھوکاکیا، وہ ہم میں سے نہیں ہے۔ وقت کی حفاظت کریں کیوں کہ اصل زندگی تو وقت ہی ہے۔ گناہ کے بعد ندامت بھی توبہ کی ایک شاخ ہے۔ ریاکاری کی بدولت اللہ ہم سے دور ہوجاتاہے۔ قطع رحمی کرنے والا جنت میں نہیں جائے گا۔ مشکلات کوآسان کرنااللہ کی مرضی پر منحصر ہے۔ اس لئے اللہ سے ڈر کر زندگی گزارنی چاہیے۔ کیوں کہ سورۃ آل عمران میں ہے ’’اللہ دنیاوالوں پر ظلم کرنے کاکوئی ارادہ نہیں رکھتا۔کردار انسان کوعظیم بنادیتاہے۔ اقبال الدین انجینئر نے اپنے اختتامی خطاب میں کہاکہ شب برأت کی آمد آمد ہے۔ ہمیں چاہیے کہ اس رات اپنی اور اپنے مرحومین کے لئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے اور گناہوں سے پاک صاف زندگی گزارنے کے لئے دعائیں کرتے ہوئے شب بیداری کرناچاہیے کیوں کہ اس رات اللہ کے رسول ﷺ نے جنت البقیع جاکر تمام امت کی مغفرت کے لئے دعا کی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے