تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول میں وداعی تقریب سے ڈسٹرکٹ کو آرڈینیٹر محمد وسیم الدین کا خطاب

ظییرآباد 9/ فروری (مشرقی آواز جدید): حلقہ اسمبلی ظہیر آباد کے موضع الگول میں واقع تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول و جونیئر کالج بوائز 1 میں دسویں جماعت کے طلباء کی وداعی تقریب کل شب احاطہ اسکول میں انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ اس تقریب کی صدارت پرنسپل مسٹر جے راملو صاحب نے کی. جبکہ محمد وسیم الدین ڈسٹرکٹ کو آرڈینیٹر نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور اپنے خطاب میں کہا کہ ہم آج اکیسویں صدی میں جی رہے ہیں جو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صدی ہے. تاہم اس دور کے طلباء کو روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی پر مہارت حاصل کرنا بھی ضروری ہے. انہوں نے طلباء کو تلقین کی کہ وہ امتحانات کے دوران غیر ضروری کاموں سے اجتناب کریں۔ اور وقت کی قدر کرتے ہوئے تعلیم حاصل کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکولس میں تعلیم کے علاوہ طلباء کو معاون حیات مہارتیں بھی سکھائی جاتی ہیں. جس کے بل پر وہ زندگی میں ہر کام خود سے کرنا سیکھتے ہیں. انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ وہ خود اقامتی اسکول کے طالب علم رہ چکے ہیں. اور ہاسٹل کے طلباء بہ نسبت یومیہ اسکول کے طلباء کے بہت ذہین اور قابل ہوتے ہیں چونکہ یہ دن رات اساتذہ کی نگرانی میں رہتے ہیں . انہوں نے طلباء کو خوش اخلاقی سے پیش آنے کی تلقین کی.

جناب کلیم صدیقی جمیل پرنسپل تلنگانہ اقلیتی اقامتی جونیئر کالج اندول (جوگی پیٹ) نے اپنے خطاب میں کہا کہ الگول ایک معیاری تعلیمی ادارہ ہے. جہاں کہ فارغ طلباء اعلی عہدوں پر فائز ہیں. انہوں نے مزید کہا کہ الگول کے طلباء کے علاوہ یہاں پر خدمات انجام دینے والے اساتذہ بھی قابل، محنتی اور اعلی تعلیم یافتہ ہیں. اس کے علاوہ خوشگوار ماحول، تازہ ترین آب و ہوا اور پر رونق قدرتی ماحول تاحد نظر کھیل کا وسیع میدان صرف الگول اسکول کی ہی امتیازی خصوصیات ہیں.

مسٹر جے راملو پرنسپل نے اپنے صدارتی خطاب میں طلباء کے بہتر مستقبل کے لئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا . جناب محمد رحیم صاحب ٹی جی ٹی انگلش نے اپنے خطاب میں کہا کہ طلباء کی ترقی ہی اساتذہ کا سرمایہ ہوتا ہے. اور استاد کی قدر کرنے والے طلباء ہی زندگی میں ترقی کرتے ہیں. جناب سید سراج الدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے طلباء کل کے ذمہ دار شہری ہوتے ہیں. اگر طلباء وقت کی قدر کرتے ہوئے ترقی کریں تو اس پر ملک کی ترقی کا دار و مدار ہے.

حافظ طیب عربک ٹیچر نے اپنے خطاب میں کہا کہ طلباء اپنے ہر آنے والے دن کو گذرے ہوئے دن سے بہتر بنانے کی کوشش کریں . قبل ازیں محمد محبوب ٹی جی ٹی اردو، محمد خلیل ٹی جی ٹی ہندی، مسٹر کے سرینواس کالج کو آرڈینیٹر، مسٹر سی ایچ راجو ٹی جی ٹی تلگو اور محترمہ راجیہ لکشمی اسکول کو آرڈینیٹر اور محمد سعید نے بھی خطاب کیا. بعد ازاں طلباء کی جانب سے تمام اساتذہ کو تہنیت پیش کی گئی.

اس موقع پر اساتذہ محمد معین الدین، پی جی ٹی اردو، محمد معراج رحیم، مسٹر کرانتی، محترمہ عظمت جہاں، محترمہ عائشہ پروین، محمد منان، محمد مقصود احمد، مسٹر اشوک، مسٹر مہیش، مسٹر دتو لائبریرین، مسٹر ساگر ڈی ای او بھی موجود تھے. تقریب کے انتظامات میں سید سراج الدین، محمد خلیل، محمد عرفان جونیئر اسسٹنٹ، محمد سعید، محترمہ عظمت جہاں نے اہم کردار ادا کیا. بعد ازاں طلباء کلچرل پروگرام کے تحت رقص و مو سیقی کے مظاہرہ بھی پیش کئے۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے