جگنیا اور پنجاب میں نماز تراویح میں تکمیل قرآن کے موقع پر دعائیہ مجلس منعقد ہوئی
بانگرمئو: گزشتہ شب جگنیا میں واقع مسجد میں نمازتراویح میں حافظ محمد ارسلان ولد محمد معراج ساکن سینتہ نے قرآن پاک کا دور مکمل کیا، تکمیل قرآن کے موقع پر مفتی محمد جنید قاسمی استاذ مدرسہ عربیہ مفتاح العلوم گنج مرادآباد وکنوینر اصلاح معاشرہ جمعیۃ علماء ضلع اناؤ نے خطاب کرتے ہوئے کہا حدیث شریف میں ہے کہ رمضان ایسا مہینہ ہے کہ اس کے اول حصہ میں حق تعالی کی رحمت برستی ہے، جس کی وجہ سے انوار واسرار کے ظاہر ہونے کی قابلیت و استعداد پیدا ہو کر گناہوں کے ظلمات اور معصیت کی کثافتوں سے نکلنا میسر ہوتا ہے اور اس ماہ کا درمیانی حصہ گناہوں کی مغفرت کا سبب ہے اور ماہ رمضان المبارک کے آخری حصہ میں دوزخ کی آگ سے آزادی حاصل ہوتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جگنیا کی مسجد میں حافظ محمد ارسلان ولد محمد معراج نے تراویح میں قرآن پاک کا دورمکمل کیا، اس موقع پر مفتی محمد جنید قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا حق تعالی نے اس ماہ مبارک کی اپنی طرف خاص نسبت فرمائی ہے، حدیث میں ہے کہ ’’رَمَضَانُ شَہْرُاللّٰہ‘‘رمضان حق تعالی کامہینہ ہے اور یہ ظاہر ہے کہ ہر چیز میں نسبت کی وجہ سے منسوب الیہ کی عظمت کے اثرات پیدا ہوتے ہیں، جب اس مہینہ کو حق تعالی نے اپنی طرف منسوب فرمایا تو اس خصوصی نسبت سے یہ معلوم ہوگیا کہ اس کو حق تعالی کے ساتھ کوئی ایسا خصوصی تعلق ہے جس کی وجہ سے یہ مبارک مہینہ دوسرے مہینوں سے ممتاز اور جدا ہے، یہی مطلب اس ارشاد کا کہ رمضان اللہ تعالی کا مہینہ ہے ورنہ تمام مہینے اللہ تعالی ہی کے ہیں۔ خصوصی تعلق سے مراد یہ ہے کہ حق تعالی کی تجلیات خاصہ اس ماہ ِمبارک میں اس درجہ نازل ہوتی ہیں کہ جو دوسرے مہینوں میں نہیں ہوتیں۔
اس موقع پر مولانا عبدالعلیم متعلم جامع مسجد امروہہ نے بھی خطاب کیا، دعائیہ مجلس میں مفتی سہیل جامعی، حافظ یاسین، حافظ اشفاق، حافظ محمد غفران، محمد اسحاق، محمد معروف، حافظ سعید، راجا سمیت کثیرتعداد میں مصلیان موجود تھے۔ اس ماہ مبارک میں پنجاب میں حافظ محمد ضامن، حافظ ابوذرسینتہ نے بھی تراویح میں قرآن پاک کا دور مکمل کیا۔ ختم قرآن کے موقع پر حافظ محمد جمیل حقی امام عیدگاہ سینتہ نے دعائیہ مجلس سے خطاب کیا اور انہیں کی دعاء پر مجلس ختم ہوئی۔
