مکرمی!
آج کل یوگی سرکار کی کرم فرمائیوں سے سڑک پر نمازمیڈیا کی سرخیوں میں ہے، ہندومسلم کی گھناؤنی سازش اپنے شباب پر ہے ،سیاسی پارہ آخری ڈگری تک پہنچ چکا ہے،سیاستداں اپنی دکانوں کو پروان چڑھانے میں ایک دوسرے پر سبقت لے جاتے نظر آرہے ہیں،ایسا لگتا ہے کہ ہمارے ملک میں اور کوئی مسئلہ ہی نہیں ہے،نہ آسمان سے بات کرتی گرانی، نہ بے حیائی وعصمت دری کے بڑھتے واقعات اور نہ اشیاء خوردنی میں کمرتوڑ اضافہ ،نہ نوجوانوں کو نوکریوں میں اضافہ کی کوئی فہرست اور نہ اقلتیوں کے حقوق کی حفاظت، آج کوئی مسئلہ نہیں ہے،مسئلہ اگر ہے تو صرف ’’ہندومسلم‘‘ ہے، میڈیا کو سنتے ،دیکھتے اور پڑھتے ہوئے آنکھ وکان ماؤف ہوتے جارہے ہیں مگر مسئلہ شیطان کی اوج کی طرح پھیلتا اور پیچیدہ ہوتا جارہاہے ۔
اس سلسلہ میں ایک حقیقت پسندانہ جائزہ پیش خدمت ہے:
جب یہ ایک حقیقت ہے کہ ہمارے ملک عزیز میں مسلم اقلیت کی تعداد تقریباً بیس کروڑہے جو کسی ملک کی آبادی سے کم نہیںہے اور ہمارے ملک میں مساجد کی تعداد اتنی نہیں ہے کہ سارے مسلمان بیک ایک وقت اس میں نمازادا کرسکیں، بہت بڑا مسئلہ اس وقت پیدا ہوجاتا ہے جب سال بھر میں دو مرتبہ مسلمان عید ین کی نماز کے لئے نکلتے ہیں،مساجد کے ناکافی ہونے کی وجہ سے سڑک اور پبلک گراؤنڈ کو استعمال کرنے پر مجبور ہوتے ہیں اور سال بھر میں صرف دومرتبہ اور وہ بھی صرف ایک آدھ گھنٹے کے لئے، کیا بیس کروڑ مسلمانوں کے لئے عیدین کے موقعوں پر پبلک گراؤنڈ نماز کے لئے فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری نہیں ہے؟ جب کمبھ جیسے مذہبی میلے کو بحسن خوبی پروان چڑھانے کے لئے مہینوں نہیں بلکہ سالوں سے محنت کی جاتی ہے جس سے ملک کا ٹریفک نظام صرف چند گھنٹوں کے لئے نہیں بلکہ مہینوں تک متاثر یا مکمل معطل ہوکر رہ جاتا ہے اس کی طرف توجہ کیوں نہیں؟
حقیقت پر مبنی چند سوالات:
٭ آرایس ایس کی ساری شاخائیں کہاں اور کس زمین پر چلتی ہیں؟
٭ یوگا آشن کی مجلسیں کہاں اور کس زمین پر چلائی جاتی ہیں؟
٭ گنپتی کا پنڈال کہاں اور کس زمین پر بنایا جاتا ہے؟
٭ کاوڑیوں پر پھول کہاںاور کس زمین پر نچھاور کیا جاتا ہے؟
٭ ہولی کا دہن کہاں اور کس زمین پر کی جاتی ہے؟
٭ ہولی کا تہوار کہاںاور کس زمین پر منایا جاتا ہے؟
٭ دیوالی کے موقع پر پٹاخے اور برتن کی دکانیںکہاں اور کس زمین پر لگائی جاتی ہیں؟
٭ مورتی بسرجن کے جلوس کہاں اور کس جگہ نکالے جاتے ہیں؟
٭ وزیر اعظم ووزراء اعلیٰ جب روڈ سے دورہ کرتے ہیں تو گھنٹوجام کیوںلگایا جاتا ہے؟
٭ سیاسی احتجاجات کہاں اور کس جگہ منائے جاتے ہیں؟
جب یہ اور اس کے علاوہ سیکڑوں رسم ورواج سال بھرپبلک گراؤنڈ پر منائے جاتے ہیںتو پھر سال بھر میں صرف دومرتبہ عیدین کی نماز پبلک گراؤنڈ پر ادا کرنے کی ممانعت کیوں؟
خرد کا نام جنوں رکھدیا، اور جنوں کا خرد
تیرا حسن جو چاہے کرشمہ ساز کرے
مولانا اے۔ کے۔ رحمانی
قومی نائب صدر مسلم پولٹیکل کاونسل آف انڈیا
حجاز منزل ، کسیا،کشی نگر،یوپی

