شیوا جی مہاراج نے ہندوازم کو بچایا: بسونا گوڈا پاٹل یتنال

بیدر۔ 29؍اپریل (محمدیوسف رحیم بیدری): چھترپتی شیواجی مہاراج، جن کی مشعل مہاراشٹر میں روشن ہوئی تھی، ہندو ہردے سمراٹ بن گئے ہیں۔ وجئے پورہ حلقہ کے ایم ایل اے بسوانا گوڑا پاٹل یتنال نے یہ کہااور بتایا کہ ہندو مذہب صرف شیواجی سے بچا ہے۔چھترپتی شیواجی مہاراج جنتا سنگھ نے بیدر تعلقہ کے مرزا پور کے گاؤں میں ہندو ہردئے سمراٹ چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسمے کا افتتاح کیا اور خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ماضی میں جب ہندوؤں پر حملے ہو رہے تھے تو شیواجی نے گوریلا جنگ کے ذریعے مذہب کو بچایا۔ آج ہندوؤں کے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات کا ذکر کیا کہ چند روز قبل کشمیر میں دہشت گردوں نے مذہب کی وجہ سے ہندوؤں پر حملہ کیا ہے اور کہا کہ اگر اتحاد نہ ہو تو ہندوؤں کو بچانا ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیواجی مہاراج کے زیادہ سے زیادہ مجسمے نصب کئے جائیں۔ مرزا پور کے گاؤں میں شیواجی مہاراج کی مورتی کے لیے الیکشن ہارنے والے ایشور سنگھ ٹھاکر اپنے وعدے کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ آپ سب کے ساتھ تعاون کریں گے۔
بیدر شمال اسمبلی حلقہ کے لیڈر ایشور سنگھ ٹھاکر نے اجتماع کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے دوران میں نے کہا تھا کہ میں اس گاؤں میں شیواجی مہاراج کی مورتی لگانے میں تعاون کروں گا۔ میں نے جیسا کہا تھا ویسا ہی کیا ہے۔ انہوں نے شیواجی مہاراج کے مذہبی شعور اور بہادری کو زندگی میں اپنانے پر زور دیا۔شیواجی مہاراج جنتا سنگھ کے صدر سندیپ پاٹل نے میٹنگ کی صدارت کی۔ اسٹیج پر پوجیہ شنکرالیگا مہاراجہ کالامودا، مچیندر ناتھ متیا اودت پورہ، بابو راؤ متیا ہالمبورا، کاشی ناتھ مہاراجہ راجنال، امباداس مہاراجہ پنڈھر پورہ، سابق ایم ایل اے پرکاش کھنڈرے، دگمبرا مانکاری، جناردھن برادار، پردیپ برادار،دتو مولگے خواجہ پور ، ضلع بی جے پی سکریٹری مہیشورسوامی ، دیگر قائدین میں راجکمار جمعدار، بابو راؤ ملکا پور، ملیکارجن پریہار، لوکیش مرجاپور، ولسن چلرگی، وینکٹ راو برادار، دھنراج پانڈرے، رمیش بلنڈے اور کئی دوسرے موجود تھے۔ بھکت کمبار نے نظامت کی ۔وینکٹ نے شکریہ پیش کیا۔ مجسمے کی نقاب کشائی میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ بچوں کی جانب سے پیش کیے گئے مختلف ثقافتی پروگراموں نے حاضرین کی توجہ حاصل کی۔اس با ت کی اطلاع ایک پریسنوٹ میں دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ بسن گوڈا پاٹل یتنال کو بی جے پی نے پچھلے دنوں پارٹی سے نکال دیاتھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے