بنگلور ۔5؍مئی (محمدیوسف رحیم بیدری): مورخہ 3؍ مئی 2025 بروز ہفتہ، ادارہ محفل بنگلور کے زیر اہتمام ایک باوقار "تہنیتی اجلاس برائے شاعر، ادیب اور فنکار” منعقد ہوا، جس میں ریاستِ کرناٹک کے ممتاز شاعر اور ماہرِ علمِ عروض جناب اکرم اللہ بیگ اکرم کو ان کی ادبی خدمات کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا گیا۔ تقریب کی صدارت ایڈوکیٹ ایوب احمد خان نے کی، جبکہ مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے ڈاکٹر ارشد جمال صارم، جناب اشد رضوی مظفر پور، جناب الحاج باباجی، جناب قاسم سہیل احمد قریشی موجود رہے۔ اس موقع پر اکرم اللہ بیگ اکرم ؔکی ہمہ جہت شعری خدمات اور عروضی مہارت پر جناب غفران امجد اور ڈاکٹر ارشد جمال صارم نے بصیرت افروز گفتگو کی۔نوجوان قلم کار عبداللہ نادر عمری نے اکرم بیگ اکرمؔ کی شخصیت و فن پر مبنی قلمی خاکہ پیش کیا اور ڈاکٹر ارشد جمال صارم اور جناب غفران امجد نے اظہارِ خیال کیا۔ تقریب کی نظامت معروف ادبی شخصیت منیر احمد جامیؔ نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دی۔تہنیتی اجلاس کے بعد ایک مشاعرہ بھی منعقد ہوا، جس میں مقامی شعراء مبین منورؔ، شفیقؔ عابدی، ملنسار اطہر، غفران امجد، جمیلؔ بنارسی، اکرم اللہ بیگ اکرمؔ، شیخ حبیبؔ، افتخار ارسلؔ، سردار دانشؔ، منظورؔ عالم جنیدی، انور عزیز انورؔ، نیاز الدین نیازؔ، منیر احمد جامیؔ، سیدین مدنی اور ڈاکٹر ارشد جمال صارمؔ نے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا، جبکہ مہمان شعراء میں اسد ؔرضوی مظفر پوری اور جناب امیش احمرؔ شامل رہے۔ تقریب نہایت وقار، ادبی ذوق اور فنی سلیقے کے ساتھ کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔ جناب سلیم احمد خان حیات ؔکے ہدیہء تشکر پر محفل کے اختتام کا اعلان ہوا۔اس بات کی اطلاع ایک پریس نوٹ کے ذریعہ دی گئی ہے۔
