بیدر۔ 17؍مئی (محمدیوسف رحیم بیدری): بیدر کے بی ای او جناب TRدوڈے کے خلاف اپنے فرائض کے دوران من مانی کرنے کی شکایت پرانھیں معطل کردیاگیاہے۔ ایڈیشنل کمشنر اسکول تعلیم محکمہ کلبرگی کو ایسی خبریں پہنچیں کہ شری TRدوڈے بی ای او بیدر نے 7ویں پے کمیشن( نظرثانی تنخواہ) معاملے میں امدادی پرائمری اسکول اور ہائی اسکول کے اساتذہ سے پیسے لے کر تنخواہ پر نظر ثانی کررہے تھے۔ سالانہ تنخواہ میں اضافہ اور دیگر امور میں بھی اساتذہ سے رقم طلب کی گئی۔ میڈیکل رخصت سے متعلق بھی ان کے معاملات کی خبراوپر تک پہنچی تھی۔ انتہائی غلط الفاظ کااستعمال، امدادی اسکول اور ہائی اسکول ٹیچر سے روزانہ کی کھٹ پٹ کاالزام بھی ان پر لگایاگیا۔ اور بھی الزامات کی بنا پر ملیکارجن رامچندرپا انڈرسکریڑی حکومت کرناٹک کی دستخط سے جاری حکمنامہ کے مطابق بیدر بی ای او جناب TRدوڈّے کو کرناٹک شہری خدمات قاعدہ ، 1957(10)(1)Dاور 10(3)کواستعمال کرتے ہوئے فوری طورپر حکومتی خدمات سے معطل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔ اس کے علاوہ کلبرگی ضلع کے کملاپور ڈائٹ پر سینئر لیکچرر کے خالی عہدے پر انھیں تبادلہ کردیاگیاہے۔
