بیدر۔ 30؍مئی (پریس نوٹ): ادبی تنظیم یارانِ ادب بیدرکی پریس نوٹ کے بموجب حضرت رشید احمد رشید ؔ کے فکروفن پر مختلف قلمکاروں کی تحریروں پر مشتمل یارانِ ادب بیدر کی تینتیسویں (33) ویں پیش کش بنام ’’لَے‘‘ماہ جون میں ان شاء اللہ منظر عام پر آرہی ہے۔ اس کتاب کے محقق و مرتب محمدیوسف رحیم بیدری ہیں ۔اورکتاب کانام رشید احمد رشید کے اس شعر سے لیاگیاہے ؎
ہنگامہ ء ہستی کو بنا موجب ِ تسکین
توحید کی لے بربطِ کثرت میں سنادے
160؍صفحات کی اس کتاب میں جناب محسن کمال مرحوم ، ڈاکٹر انیس ہاشمی ، جناب نثار احمد کلیم مرحوم ، ڈاکٹر حشمت فاتحہ خوانی ، صابر ؔرشیدی، اورمحمدیوسف رحیم بیدری کے مضامین شامل ہیں۔کتاب مکمل طورپر شاعر حیات ، فخر کرناٹک اور استاد الشعراء حضرت رشیداحمد رشید کے فکروفن کے گرد گھومتی ہے ۔ دوسری جانب خود رشیدا حمد رشید ؔکی اپنے بارے میں لکھی گئی تحریریں بھی شامل ِ کتاب ہیں۔ کتاب بڑی دلچسپ ہے اور حضرت رشید احمد رشیدؔ پر لکھی گئی وہ پہلی کتاب ہے جو ان شاء اللہ منظر عام پر آئے گی۔ رشید احمد رشید ؔ سے دلچسپی رکھنے والے کتاب کے لئے 9845628595 پررابطہ کرکے اپنا نسخہ پیشگی بک کرواسکتے ہیں۔

