جلسہ دستار بندی میں ایک درجن طلبہ کو دستار و اسناد سے نوازا گیا، علماء کا اختلاف مٹانے اور میل محبت سے قوم و ملت کو آگے بڑھانے پر زور
سنت کبیر نگر (محمد رضوان گوہر ندوی): مدرسہ عربیہ مصباح العلوم برگدوا نگر پنچایت دھرم سنگھوا ضلع سنت کبیر نگر میں جلسہ دستار بندی کا پروگرام منعقد ہوا جس میں مہمان خصوصی مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا اہم خطاب ہوا جس میں مولانا رحمانی عوام و خواص کو اس بات کی طرف توجہ دلاتے رہے کہ آپسی اختلاف سے بچنے کی کوشش کریں ،اتحاد و اتفاق کو لازم پکڑیں اسی میں کامیابی ہے آپسی اختلاف آپ کے وجود کو تباہ وبرباد کردے گا، اپنی صلاحیتوں کو آپسی اختلاف و انتشار میں برباد نہ کریں ورنہ نقصان آپ ہی کا ہو گا۔
قرآن اعلان کررہا ہے اللہ کی رسی کو مضبوطی کے ساتھ تھام لو اور فرقوں ، جماعتوں اور مسلکوں میں اپنے آپ کو تقسیم نہ کرو۔
رنگ، ذات، خاندان اور برادری کے نام پر تفریق پیدا نہ کرو یہ سب جاھلیت کے دور کے فتنے ہیں جن کو اللہ کے نبی نے بہت پہلے زمین میں دفنا دیا، جو انسان فرقہ واریت کی دعوت دیتا ہے وہ مسلمانون کی جماعت سے تعلق رکھنے والا نہیں ہے، جو انسان ایسی حالت میں مر جاتا ہے وہ جاھلیت کی موت مرتا ہے، ایک دوسرے کی مخالفت کرکے اپنی ملت کو کمزور نہ بناؤ ،سینہ کو کینہ سے پاک کرو، ایسے نازک حالات میں یہ سب چیزیں بہت شرمناک ہیں، جہاں مسلمانوں کو زیر کرنے کی ہر طرح کی کوشش جاری ہے ،ہر دن طلوع ہونے والا سورج ایک نئی مصیبت کا پیغام لاتا ہے، فلسطین کے حالات دیکھیں، چھوٹے چھوٹے معصوم بچے بھوک سے بلبلا رہے ہیں، شہادت کا جام پی رہے ہیں، اللہ کے بندو! ایسے تکلیف دہ اور نازک وقت میں آپ کو اختلاف و انتشار سے فرصت نہیں کس مٹی کے بنے ہیں، نماز کی پابندی کریں، مسجدیں خالی رہتی ہیں، موبائل کا غلط استعمال نہ کریں ہمارا دل کب اللہ کے سامنے جھکے گا؟ ہم کب توبہ کریں گے، کب گریہ و زاری کریں گے؟
اگر ہم خدا کے آگے جھکتے دنیا ہمارے قدموں میں ہوتی۔
اگر ہم چاھتے ہیں اللہ سے قریب ہو جائیں تو اپنے اندر ایمانی صفات پیدا کریں۔
مولانا نے مزید کہا کہ ہماری اولاد دین کی خادم بنے اس کی فکر ہم سب کو ہونی چاہئے۔
اپنی اولاد کیلئے دل میں اچھی تمنائیں رکھیں جس سے ان کی دنیا و آخرت درست ہو جائے، خواتین کا اولاد کی تربیت میں ہر دور میں بہت ہی اہم کردار رہا ہے اپنی اولاد کے دین وایمان کی فکر کریں ، ہر بچے کو دینی اور دنیوی تعلیم دلانے کی کوشش کریں۔
مولانا رفیع الدین قاسمی استاذ بحر العلوم بلوہا نے مختصر وقت میں علم کی اہمیت وافادیت کو بیان کیا اور ساتھ ہی ساتھ حفاظ کرام کی حوصلہ افزائی کی۔
اخیر میں صدر جلسہ کے اختتامی کلمات پر پروگرام کا اختتام ہوا۔
مولانا غفران احمد ندوی صدر مدرس مدرسہ تعلیم القرآن سمریاواں نے نظامت اور مولانا محمد سلمان قاسمی خلیفہ (مفتی ابو القاسم نعمانی مہتمم دار العلوم دیوبند) نے صدارت کے فرائض انجام دیئے۔
قاری زبیر احمد استاذ شعبہ حفظ مدرسہ ھذا کی تلاوت سے پروگرام کا آغاز ہوا ،نعت نبی صلی اللہ علیہ وسلم فخر الاسلام کبیر نگری اور حافظ وحید الحق نے پیش کیا۔
اس موقع پر علماء کرام کے ہاتھوں ایک درجن طلبہ کی دستار ہوئی اور قیمتی انعام واکرام سے بھی نوازا گیا ،ساتھ ہی ساتھ مکتب اور حفظ کے ان طلبہ و طالبات کو انعامات سے نوازا گیا جنہوں نے اپنے درجات میں اول ،دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرکے نمایاں نمبرات سے کامیابی حاصل کی تھی۔
خطبہ استقبالیہ مدرسہ کے ناظم مولانا محمد شاھد قاسمی نے پیش کیا۔
اس موقع پر مولانا سراج حمیدی، مولانا فضیل احمد ندوی، مولانا محمد اکرم قاسمی، مولانا اشتیاق احمد قاسمی خازن جمعیت علماء مہاراشٹر، چیرمین وصی اللہ ندوی، ڈاکٹر ابو الکلام کے علاوہ عوام وخواص کے ایک بہت بڑی تعداد موجود رہی۔
