ایس ایس ایل سی و پی یو سی کے 30 ہونہار طلبہ کو اعزاز سے نوازا گیا

شرا لکپہ۔14؍جون (نامہ نگار): شرالکپہ ضلع شیموگہ کی متحرک طلبہ تنظیم اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (SIO) کے زیرِ اہتمام ہر سال کی طرح اس سال بھی ایک شاندار تہنیتی جلسہ منعقد کیا گیا، یہ جلسہ شہر کے والمیکی بھون میں منعقد کیا گیا تھا۔ جس میں شرالکپہ اور اڈگنی گاؤں کے تمام سرکاری و غیر سرکاری اسکولوں اور کالجوں سے تعلق رکھنے والے ہونہار طلبہ نے شرکت کی۔اس پر وقار پروگرام میں ایس ایس ایل سی کے کُل 26 اور پی یو سی کے 4 طلبہ کو ان کی بہترین تعلیمی کارکردگی پر سرٹیفکیٹس اور انعامات سے نوازا گیا۔ اس تقریب کا مقصد طلبہ کی حوصلہ افزائی، تعلیمی میدان میں ان کی ترقی، معاشرتی سطح پر شعور اجاگر کرنا اور اُمت کے بچوں میں تعلیمی بیداری پیدا کرنا تھا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی جناب ذکی احمد آفریدی نے ”اولاد کی تربیت میں والدین کا کردار” کے موضوع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ:’’آج کے دور میں اولاد کی دینی، اخلاقی اور عصری تربیت ایک اہم ترین ضرورت بن چکی ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ صرف دنیاوی کامیابی پر اکتفا نہ کریں بلکہ اپنی اولاد کی دینی تربیت، کردار سازی اور سماجی شعور کو بھی اپنی ذمہ داری سمجھیں۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہماری نسلیں کامیاب ہوں تو ہمیں خود اپنے کردار سے تربیت کا آغاز کرنا ہوگا۔اسی طرح مہمانِ خصوصی محترمہ زینب غزالی (صحافی اور سوشل ایکٹیوسٹ) نے تعلیم کی اہمیت پر خطاب کرتے ہوئے کہا، ”تعلیم صرف ڈگری حاصل کرنے کا نام نہیں بلکہ ایک مکمل شعور، فہم اور بصیرت کا نام ہے۔ آج کے نوجوان کو چاہیے کہ وہ صرف کامیاب پیشہ ور نہ بنے بلکہ ایک ذمہ دار شہری، حساس انسان اور بااخلاق فرد بھی بنے۔ خواتین کی تعلیم کسی قوم کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ آج بھی مسلم کمیونٹی تعلیمی میدان میں بہت پیچھے ہے۔ یونیورسٹیز میں مسلمانوں کی نمائندگی نہ ہونے کے برابر ہے۔ اگر ہم تاریخ کا مطالعہ کریں تو معلوم ہوتا ہے کہ صحابہ اور صحابیات نے دین و دنیا میں بے شمار کارنامے انجام دیے ہیں، لیکن آج کا نوجوان تعلیم سے دور ہوتا جا رہا ہے۔ ہر دور کی ترقی نوجوانوں کے ذریعے ہی ممکن ہوئی ہے، لہٰذا ہماری نئی نسل کو تعلیم حاصل کرکے سوسائٹی میں مثبت تبدیلی لانی چاہیے۔”پروگرام کے مہمان خصوصی ڈاکٹر شوکت علی ایچ ایم نے طلبہ سے براہِ راست مخاطب ہوتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور تعلیمی میدان میں مسلسل محنت کی تلقین کی۔پروگرام میں شرالکپہ کی کرناٹکا گورنمنٹ پبلک اسکول، کو ”بہترین سرکاری اسکول ایوارڈ” سے نوازا گیا، جو ایس آئی او شرالکپہ کی جانب سے دیا گیا ایک انوکھا اور مثالی اقدام تھا۔11؍ جون 2025 بروز بدھ کو یہ پروگرام منعقد کیاگیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ہند شرالکپہ کے امیرمقامی جناب محمد حسین، خواتین ونگ کی ذمہ دار عرشیہ نازمہ صاحبہ، SYM کے مقامی صدر آصف اللہ، جی آئی او یونٹ سیکریٹری حلیمہ ارضو، مولانا آزاد اسکول کے ایچ ایم ریاض صاحب، ایس آئی او شیموگہ کے ضلع صدر عبدالرحمٰن، ضلع سکریٹری نظام الدین، شرالکپہ یونٹ کے صدر لقمان الحسن، سیکریٹریز صدیق، فصیح الدین، یحییٰ، لئیق انجم،ظہیراور شیخ ابراہیم کے علاوہ دیگر معزز اراکین نے شرکت کی۔پروگرام کی نظامت نہایت خوش اسلوبی سے جناب عبیداللہ نے انجام دی، جبکہ شرکاء نے اس علمی و تہنیتی نشست کو بے حد سراہا۔اس بات کی اطلاع ایک پریس نوٹ کے ذریعہ دی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے