بیدر۔ 26؍ جون (محمدیوسف رحیم بیدری): اگر آپ کے پاس منشیات کے عادی افراد اور منشیات فروشوں کے بارے میں معلومات ہیں، تو اسے محکمہ پولیس سے ساجھاکریں ہم انہیں جیل بھیج دیں گے، ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ جناب پردیپ گنٹی نے یہ بات کہی۔ وہ آج جمعرات کو شہر کے امبیڈکر سرکل کے قریب محکمہ پولیس کی جانب سے منشیات کے استعمال اور اسمگلنگ کے خلاف بین الاقوامی دن اور منشیات کے مضر اثرات سے متعلق آگاہی مارچ کا افتتاح کرنے کے بعد اظہار خیال کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ جب ہر کوئی سماجی ذمہ داری ادا کرے گا تب ہی معاشرے کو منشیات سے پاک بنایا جا سکتا ہے، اس لیے سب کو محکمہ پولیس کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔

اسٹیج پروگرام سے پہلے بیدر شہر کے بسویشور سرکل سے بیداری مارچ کا پروگرام شروع ہوا۔بھگت سنگھ سرکل، شیواجی سرکل، ہرلیہ سرکل، برمس ہاسپٹل روڈ سے ہوتا ہوا امبیڈکر سرکل پہنچا۔ اس دوران سینکڑوں طلباء نے بیدر ڈسٹرکٹ پولیس کے ساتھ پلے کارڈ اٹھائے ہوئے مارچ کیا۔ جس میں منشیات کی فروخت، منشیات کی لت اور برائیوں سے دور رہنے کا پیغام دیا گیا تھا۔اس موقع پر بیدر میونسپل کونسل کے صدر محمد غوث، ایڈیشنل ایس پی چندرکانت پجاری، بیدر اسسٹنٹ کمشنر محمد شکیل، بیدر ایکسائز ڈپٹی کمشنر روی شنکر اے، ڈی وائی ایس پی شیونا گوڈا پاٹل، محکمہ صحت کے افسران، اور طلبہ موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے