ایشور کھنڈرے، رحیم خان نے بیدر شوگر فیکٹری کی بدانتظامی کی تحقیقات اورقصورواروں کوسزا دینے کا مطالبہ کیا۔
بنگلور۔ 26؍جون (محمدیوسف رحیم بیدری): وزراء ایشور کھنڈرے اور رحیم خان نے مطالبہ کیا ہے کہ بیدر کوآپریٹیو شوگر فیکٹری میںمزدوروں کی تنخواہوں اور مختلف بینکوں کے حوالے سے ہونے والی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کرائی جائے، جو اس وقت بدانتظامی کی وجہ سے بندپڑی ہوئی ہے گزشتہ 10 سالوں میں مختلف بینکوں کے 430 کروڑ روپے باقی ہیں۔ لہٰذا قصورواروں کو سزا ملنی چاہیے۔
ہلی کھیڑ میں بیدر کوآپریٹیو شوگر فیکٹری کے احیاء اور فیکٹری کی طرف سے مختلف کوآپریٹو بینکوں سے لیے گئے قرضوں کی واپسی کے سلسلے میں ودھان سودھا کمیٹی ہال میں منعقدہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ایشور کھنڈرے نے کہا کہ ماضی میں بھی بی ایس کے کی بے قاعدگیوں کی تحقیقات کا حکم دیا گیا تھا، لیکن یہ کسی نتیجے پر نہیں پہنچا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعہ کی جامع تحقیقات کرائی جائے اور قصورواروں کو سزا دی جائے۔فیکٹری نے ڈی سی سی بینک سے 115کروڑ روپے کاقرض لیاہے۔ا سے سود سمیت 233کروڑ روپئے اداکرنے ہیں۔ فیکٹری اور ڈی سی سی بینک دونوں کاتعلق کسانوں سے ہے۔ قرضوں کے پہاڑ کی وجہ سے شوگرفیکٹری بند ہوچکی ہے۔ بینک کی وصولی نہیں ہوئی ۔ اس سلسلے میں انھوں نے تجویز دی کہ فیکٹری کی بحالی کے لئے ایک وفدوزیراعلیٰ کے پاس جائے۔ وزیر رحیم خان نے کہا کہ شوگر فیکٹری میں بے ضابطگی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو۔ اس سلسلے میں تحقیقات کرائی جائیں اور قصورواروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔شوگر کے وزیر راجنا نے تجویز پیش کی کہ فیکٹری کی ملکیتی 173 ایکڑ اراضی میں سے فیکٹری کے لیے مطلوبہ اراضی رکھ کر اسے جزوی طور پر بیچ کر، بینک کے قرضوں کی ادائیگی، مشینری کے لیے نیا قرض لینا اور یہ جانچنا کہ فیکٹری شروع کرنا ممکن ہے یا نہیں ، اس کی صلاح دی ۔
شوگر منسٹر شیوانند پاٹل نے تجویز دی کہ او ٹی ایس اسکیم کے تحت بینک قرضوں پر سود معاف کیا جائے اور پرائیویٹ پارٹیوں کو لیز پر دے کر شوگر فیکٹری کو دوبارہ شروع کیا جائے۔میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ بیدر ضلع کے کسانوں کے مفاد میں کوآپریٹو شوگر فیکٹری کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے ایک وفد وزیر اعلیٰ کے پاس جائے اور فیکٹری میں ہونے والی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کرائی جائے۔وزراء K.N. راجنا، شیوانند پاٹل، ایشور کھنڈرے، رحیم خان اور سابق وزیر راج شیکھرپاٹل، ایم ایل اے ڈاکٹر شیلندر بیلداڑے، قانون ساز کونسل کے ارکان بھیم راؤ پاٹل، چندر شیکھر پاٹل، ایم جی۔ مولے، ڈی سی سی بینک کے صدر امر کھنڈرے، ڈپٹی کمشنر بیدر شلپا شرما اور دیگر موجود تھے۔
