- گھروں کو اسلامی نمونہ بنانے، بچوں کو سیرت کے مطالعہ کا عادی بنانے کی ضرورت پر زور
- اسکولی بچوں کی نگرانی اور جائزہ ضروری
جنگاؤں 21 ستمبر(مشرقی آواز جدید): جمعیت علماء ہندشاخ ضلع جنگاؤں کے زیر اہتمام آج ضلع مستقر جنگاؤں کے گایتری گارڈن میں عظیم الشان جلسہ سیرت النبی ﷺ و تقسیم انعامات منعقد ہوا۔جلسہ کا آغاز حافظ محمد خواجہ مستنیر الدین متعلم مدرسہ فیض العلوم کی تلاوت کلام پاک اور محمد خواجہ مفیض الدین سہیل کی نعت سےہوا۔
جلسے کی صدارت مولانا محمد عبدالرحمن سبیلی، صدر جمعیت علماء جنگاؤں اورسرپرستی حضرت مولانا محمد عبدالحفیظ قاسمی، سرپرست جمعیت علماء جنگاؤں نے کی، جبکہ نگرانی نے کی۔
ماہ ربیع الاول میں اسکول و کالج میں پڑھنے والے طلبا و طالبات کو سیرت نبوی ﷺ سے واقفیت کے لیے منعقدہ سیرت کوئز تحریری مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والے 270 طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ اس بابرکت محفل میں جنگاؤں کے مسلمانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔
جلسے میں حافظ پیر خلیق احمد صابر، ریاستی جنرل سکریٹری جمعیت علماء تلنگانہ، مفتی محمد یونس القاسمی (ریاستی ناظم کوئز مقابلہ جات)، مفتی محمد زکریا احمد قاسمی جنرل سکریٹری جمعیت علما ضلع ورنگل، حافظ محمد رضوان احمد، محمد جمال شریف ایڈوکیٹ (نائب صدر جمعیت علماء جنگاؤں)، محمد خواجہ مجتہد الدین خازن جمعیت علماء جنگاؤں ، مولانا محمد شاکر حسین قاسمی جنرل سکریٹری ، حافظ محمد امان اللہ، مولانا محمد عبدالرشید‘ مفتی انصار‘ عارف اللہ اور دیگر علماء کرام نے شرکت کی۔
اس موقع پر جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے مفتی محمد زکریا احمد قاسمی (ورنگل) نے مسلمانوں کو کیریئر کے ساتھ اپنے کردار کو بھی سدھارنے پر زور دیا اور بچوں کو دین کا داعی بنانے اور ارتداد سے بچانے کے لیے گہری نگرانی کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ارتداد کی تین بڑی وجوہات جہالت، غربت و پسماندگی اور غلط فہمی و سوشل میڈیا کا ناجائز استعمال ہیں۔
مفتی محمد یونس القاسمی، ناظم سیرت کوئز تلنگانہ و صدر جمعیت علماء کریم نگر نے کہا کہ ایک مسلمان کو اپنے معاملات، اخلاق، کردار، عبادات اور معاشرتی زندگی میں رسول اللہ ﷺ کے اسوۂ حسنہ کو سامنے رکھنا چاہیے۔ کسی انسان کو تکلیف نہ پہنچانا، دوسروں کے حقوق کا خیال رکھنا، جھوٹ، دھوکہ دہی اور برے کاموں سے اجتناب کرنا اور تمام لوگوں کے ساتھ حسنِ سلوک سے پیش آنا اسلامی تعلیمات کا اہم حصہ ہے۔
ریاستی جنرل سیکرٹری جمعیت علماء تلنگانہ جناب حافظ پیر خلیق احمد صابر نے مسلمانوں پر زور دیا کہ پانچوں وقت کی نماز کی پابندی کی جائے، قرآن و سنت سے اپنا تعلق مضبوط کیا جائے اور نبی اکرم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ اور تعلیمات کا مطالعہ کرکے انہیں اپنی زندگی میں عملی طور پر نافذ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں نئی نسل مختلف مصروفیات اور ذرائع ابلاغ میں گھری ہوئی ہے، جس کے باعث بہت سے نوجوانوں اور طلبہ کو سیرت النبی ﷺ کے مختلف پہلوؤں سے مکمل واقفیت حاصل نہیں ہو پاتی۔ ایسے حالات میں سیرت النبی ﷺ کے جلسے، مسابقے، کوئز اور دیگر تعلیمی و دینی سرگرمیاں نئی نسل کو رسول اللہ ﷺ کی مبارک زندگی سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بچوں اور نوجوانوں کے اندر دینی شعور، اچھے اخلاق اور اسلامی اقدار پیدا کرنے کے لیے والدین، اساتذہ، علماء اور دینی تنظیموں کو مشترکہ طور پر کوششیں کرنی چاہئیں۔ اسی کی کڑی کے طور پر جمیعت علماء ضلع جنگاؤں نے سیرت النبی اسلامی کوئز کا انعقاد کیا میں آرگنائزر س کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے ایک بہترین کام کا آغاز کیا۔
مولانا عبدالحفیظ قاسمی نے کہا کہ جنگاؤں ضلع میں جمعیت علماء کی جانب سے کئی پروگرام کئے جاتے ہیں جس میں سب کا ساتھ اور مدد شامل ہے۔ نبی ﷺ سے سچی محبت رکھنا اور ان کے بتائے ہوئے راستے پر چلنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے، 5 وقت کی نماز ہر مسلمان پر فرض ہے۔انہوں نے جمعیت علماء جنگاؤں کے تمام ذمہ داروں کو سیرت اسلامی کوئز کے منظم اور کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
مولانا شاکر حسین قاسمی نے کہا کہ آج مسلم معاشرے میں غیر ضروری چیزیں زیادہ ہو رہی ہیں، جو کام کرنا ہے وہ نہیں کر رہے ہیں۔ اللہ اور نبی ﷺ نے جو بتایا ہے اس پر عمل کرنا اور قرآن و سیرت النبی ﷺ پر چلنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔
محمد خواجہ مجتہد الدین نے کہا کہ سیرت کوئز مقابلے میں 270 لوگوں نے امتحان لکھا، یہ ایک اچھی مثال قائم ہوئی ہے، ایسے امتحان لکھنے سے نہ صرف معلومات میں اضافہ ہوتا ہے،بلکہ عمل کا شوق اور جذبہ بھی پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے تمام شرکا کو مبارکباد پیش کی۔ اور مستقبل میں بھی جمعیت علما کی جانب سے منعقد کئے جانے والے تمام پروگرامس میں جوق در جوق حصہ لینے کا مشورہ دیا ۔
جمال شریف ایڈوکیٹ نے کہا کہ جمعیت علماء جنگاؤں کے ذمہ داروں نے بہت بڑا کام کیا ہے، ایسے امتحانات منعقد ہونے سے مسلمانوں میں دینی بیداری پیدا ہوتی ہے۔اور طلبا و طالبات علم دین سے قریب ہوتے ہیں اور ان میں بھی دینی جذبہ پیدا ہوتا ہے۔
آخر میں سیرت النبی ﷺ کے عنوان پر منعقدہ امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ میں پہلا انعام 5000 روپے، دوسرا انعام 3000 روپے، تیسرا انعام 2000 روپے اور تمام شرکا کو اعزازی انعامات اور اسنادات سے نوازا گیا۔محمد خواجہ مجتہد الدین نے نظامت کے فرائض انجام دئے مولانا شاکر حسین قاسمی نے اظہار تشکر اور مولانا فصیح الاسلام صاحب کی دعا پرت اس یادگار پروگرام کا اختتام عمنل میں آیا۔ اس موقع پر جمعیت علما جنگاؤں کے اراکین حافظ مصلح الدین سعید’ حافظ ارشد’ حافظ عبد الجواد’ حافظ عبدالمنان’ حافظ نعیم الدین’ حافظ انصار’ حافظ شاکر حسین’ حافظ سجاد’ حافظ عمران شبیر احمد’ عدنان احمد شیخ کے علاوہ عوام الناس کی کثیر تعداد موجود تھی۔۔۔
