سنت کبیر نگر: گرمیوں کی تپتی دوپہر میں جہاں سورج اپنی پوری آب و تاب سے چمک رہا تھا، وہیں معروف سماجی کارکن حکیم اللہ سیٹھ نے مدرسہ تجوید القرآن رکسا کلاں میں شفقت و محبت کی چھاؤں پھیلائی۔ ایک فلاحی و انسان دوست جذبے کے تحت انہوں نے بچوں میں آم اور دیگر موسمی پھلوں کی تقسیم کی، جس سے بچوں کے چہروں پر خوشی اور مسکراہٹ بکھر گئی۔
یہ موقع نہ صرف پھلوں کی تقسیم کا تھا بلکہ خوشیوں کے بٹوارے اور محبت و انسانیت کے پیغام کا بھی۔ بچوں نے خوشی خوشی پھل وصول کیے اور ان کی آنکھوں میں ایک خاص چمک دکھائی دی۔
تقریب کا انعقاد مقامی مدرسے میں کیا گیا تھا۔ مدرسہ کے ناظم اعلیٰ محب الرحمن قاسمی نے اس اقدام کی دل کھول کر ستائش کی اور حکیم اللہ سیٹھ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ: "آج کے اس مادی دور میں اس طرح کے انسان دوست اور فلاحی اقدامات معاشرے کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔”
تقریب میں مقامی اساتذہ سہیل احمد، آس محمد، عبد الوحید کے علاوہ گاؤں کے معززین بھی بڑی تعداد میں شریک تھے۔ سب نے حکیم اللہ صاحب کے اس جذبے کو سراہا اور اسے قابل تقلید قرار دیا۔
