بیدر۔13؍ اگست (محمدیوسف رحیم بیدری): لوگوں کو حکومت کی طرف سے لاگو کی گئی پنچ گارنٹی اسکیموں کے بارے میں جانکاری دینے اور حکومت کی مقبول اسکیموں کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے محکمہ کی جانب سے منگل کو شہر کے انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشن ڈیپارٹمنٹ کے احاطے میں اسٹریٹ ڈرامہ اور لوک آرٹ گروپس کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔انتخابی عمل میں حصہ لینے والے فنکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کرناٹک جانپد اکیڈمی کے رکن وجے کمار سونارے نے کہا کہ لوگوں تک پہنچنے اور انہیں حکومت کی عوام نواز اسکیموں کے بارے میں قائل کرنے میں اسٹریٹ ڈرامہ اور لوک آرٹ گروپس کا کردار بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ ریاست بھر میں ایک ہی دن آرٹ گروپس کا انتخاب کیا جارہا ہے۔محکمہ اطلاعات اور تعلقات عامہ کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر منجوناتھ سڑلوللی نے منتخب ٹیموں کو ہدایت دی کہ وہ گاؤں گاؤں جاکر انہیں سڑکوں پر ڈراموں اور لوک گیتوں کے ذریعے سرکاری اسکیموں کے بارے میں اس طرح سے آگاہ کریں کہ وہ سمجھ سکیں۔
محکمہ اطلاعات کے وجے کرشنا سولپور نے ٹیموں کو انتخابی عمل کے بارے میں آگاہ کیا۔ انتخابی عمل میں حصہ لینے والی تمام آرٹ ٹیموں نے ججز کے سامنے مختلف سرکاری اسکیموں کے بارے میں اپنے منفرد انداز کے فن کا اظہار کیا۔ محکمہ صحت اور خاندانی بہبود کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ ایجوکیشن آفیسر سنگپا کامبلے نے فنکار ٹیموں کو کرداروں کی کارکردگی اور پیش کش کے بارے میں آگاہ کیا۔
اس موقع پر ججز کے طور پر پہنچے مختلف شعبوں کے افسران نے آرٹ ٹیموں کو اپنی تجاویز دیں۔ محکمہ اطلاعات کے نریش کمار، محکمہ سماجی بہبود کے افسران، محکمہ زراعت کے افسران اور دیگر افسران اور فنکار موجود تھے۔اس بات کی اطلاع ایک پریس نوٹ کے ذریعہ دی گئی ہے۔
