عائشہ صدیقہ

معلمہ مدرسہ جامعة المومنات مانوی

اللہ تعالیٰ کا بے انتہا شکر و احسان ہے کہ، اُس نے اپنے بندوں کے لئے اس دنیا میں جہاں پر بے شمار نعمتیں رکھی ہیں، وہیں پر علم جیسی نایاب نعمت سے بھی انسانیت کو نوازا ہے۔ علم کی اہمیت و فضیلت کے متعلق قرآن و سنت میں بےشمار آیات اور احادیث وارد ہوئی ہیں۔۔
اس روئے زمین پر علم کی درس گاہیں اس بات پر شاہد ہیں کہ، یہی وہ راستہ ہے جو معرفتِ الٰہی اور فلاحِ آخرت کی طرف لے جاتا ہے۔
الحمدللہ شہر مانوی (ضلع رائچور) میں اسی طرح کا ہمارا ایک دینی مدرسہ قائم ہے، جس کا نام "مدرسہ جامعة المؤمنات” ہے۔ اس مدرسہ کی بنیاد 2002ء میں مرحوم مولانا سراج الحسن صاحب نے اپنے دستِ مبارک سے رکھی تھی۔ تب سے لے کر آج تک اللہ کے فضل و کرم سے، اس مدرسہ میں دینی تعلیم کا سلسلہ جاری و ساری ہے۔۔ جامعہ میں ایک طرف تو لڑکیوں کی تعلیم کا بندوبست کیا گیا ہے، تو دوسری طرف خواتین کے لئے بھی اُن کی سہولت کے مطابق تعلیم حاصل کرنے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔
*جامعہ کا جو اصل نظام ہے وہ ہے "تین سالہ کورس” جو لڑکیوں کے لئے ہے، جس میں باضابطہ چار کلاسس چلائی جاتی ہیں۔ ماہانہ ٹسٹ اور امتحان کا نظم ہے، جس میں کامیابی کے بعد ہی طالبات کو اُن کے درجے سے آگے بڑھایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف قسم سے تحریری، تقریری مقابلہ جات رکھے جاتے ہیں، جس سے طالبات کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا مقصود ہوتا ہے۔ ہفتہ میں ایک مرتبہ "انجمن کردارِ مومنہ” کے نام سے ایک انجمن منعقد کی جاتی ہے، جس میں معلمات کے ساتھ ساتھ طالبات کو بھی تقاریر کا موقع دیا جاتا ہے۔ اس انجمن کے ذریعے سے ایک طرف تو طالبات کے کردار کو سنوارنا مقصود ہوتا ہے، تو دوسری طرف طالبات کو امر بالمعروف اور نہی عن النمکر کے فریضہ کی انجام دہی کے فن سے آراستہ کرنا۔
خواتین کے لئے”عارضی کلاس” کے نام سے ایک کلاس قائم ہے، جس میں خواتین کو اس بات کی پوری سہولت رہتی ہے کہ وہ اطمینان سے تعلیم حاصل کرسکیں۔۔ یعنی اُن کے لئے وقت کی پابندی یا ٹسٹ اور امتحان کا بار نہیں رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایک اور کلاس "اعدادیہ کلاس” کے نام سے ہے۔ اس کلاس میں اُن طالبات کو لیا جاتا ہے جو "تین سالہ دینی کورس” کرنا چاہتی ہیں لیکن اُنہیں کچھ بھی پڑھنا اور لکھنا نہیں آتا۔۔ یعنی یہ کلاس نرسری کی طرح ہوتی ہے۔۔
اسی کے ساتھ ساتھ جامعہ میں”دو ماہ کورس” اور "تین ماہ کورس” بھی دو سال سے منعقد کئے جارہے ہیں۔ "دو ماہ کورس” اُن لڑکیوں کے لئے ہوتا ہے جو پی یو کالج کے امتحانات دے کر دو ماہ کے لئے فارغ رہتی ہیں، یہ کورس ماہِ جون تا ماہِ جولائی رکھا جاتا ہے۔۔اور "تین ماہ کورس” اُن خواتین کے لئے ہے جو تھوڑے عرصے میں دینی علم اور دینی معلومات فراہم کرنا چاہتی ہوں۔۔ یہ ماہِ ستمبر تا ماہِ نومبر رہتا ہے۔
لہذا کوشش یہ رہتی ہے کہ جس طرح سے بھی ہو، جس کی جیسی سہولیات بھی ہوں، چاہے نوجوان لڑکیاں ہوں یا خواتین، سب کو یہ موقع حاصل ہوسکے کہ وہ دینی علم سے آراستہ ہوسکیں اور معرفتِ رب اور مقصدِ حیات کو پہچانیں۔
اسی تعلق سے بروز جمعرات 14 اگست کو صبح 11:00 تا دوپہر 1:30 بجے تک مدرسہ جامعة المومنات مانوی میں "دو ماہ کورس” کے اختتام پر ایک پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس کورس کا دورانیہ 15 جون تا 15 اگست رہا۔ اس پروگرام میں مہمانّ خصوصی کی حیثیت سے جناب محمد عبداللہ جاوید صاحب (ڈائریکٹر اتقان انسٹیٹیوٹ اور اے جے اکاڈمی) نے شرکت فرمائی۔

پروگرام میں طالبات نے بہترین انداز میں اپنے اپنے کردار کو پیش کیا۔ کنوینر سے لے کر تشکر تک کے پروگرام کو طالبات نے سنبھالا۔ اس پروگرام میں چار تذکیر بالقرآن (سورةالضحٰی، سورۃ العصر، سورۃ التین، سورۃ الزلزال)، افتتاحی کلمات (صدرِ معلمہ) کے رہے۔طالبات کی دو تقاریر "اصل کامیابی کیا ہے؟” اور "تقوٰی” کے عنوان پر رہیں۔ ترانہ اور پھر دو طالبات کے تاثرات رہے۔

پروگرام کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے "خِتٰمُهُ مِنْ” کے طور پر بہت ہی عمدہ، جامع اور قیمتی ہدایات، طالبات، معلمات، اور سامعات کے گوشِ گزار کیں اور پھر تقسیم انعامات و اسناد کا سلسلہ شروع ہوا۔ مہمانِ خصوصی نے اپنے دستِ مبارک سے طالبات کو انعامات اور اسناد تقسیم فرمائے۔ اس طرح تشکر کے ساتھ یہ پروگرام اختیام کو پہنچا۔۔

2 thoughts on “مدرسہ جامعة المومنات مانوی میں "دو ماہ کورس” کے اختتام پر پروگرام منعقد، طالبات و معلمات اور خواتین کو قیمتی نصیحتوں سے نوازا گیا”
  1. یہ تحریر مدرسہ جامعۃ المؤمنات مانوی کی علمی و تربیتی خدمات، دینی تعلیم کے فروغ، اور طالبات کی ہمہ جہت صلاحیتوں کے نکھار کا آئینہ دار ہے۔ اس طرح کی تحریریں نہ صرف ادارے کی ساکھ کو مضبوط کرتی ہیں بلکہ عوام کو اس کے قیمتی تعلیمی و تربیتی کردار سے روشناس کراتی ہیں اور نئی نسل کے لئے امید اور رہنمائی کا ذریعہ بنتی ہیں۔

    1. بیشک، بجا فرمایا آپ نے۔
      وقتاً فوقتاً مختلف موقعوں پر آپ لوگوں کی آراء اور مشورے ہمارے لئے مہمیز کا کام کرتے ہیں۔ ہمیں توقع ہے کہ آئندہ بھی اس کا خیال رکھیں گے۔ بہت شکریہ محترم!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے