جمعیۃ العلماء حلقہ سمریاواں کے زیر اہتمام مسابقہ حمد ونعت کا انعقاد
سمریاواں: سنت کبیر نگر (محمد رضوان گوہرندوی)
دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کی ممتاز برانچ مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن سمریاواں سنت کبیر نگر میںجمعیۃ العلماء حلقہ سمریاواں کے زیر اہتمام انجمن افکار ادب سمریاواں کے صدر شاعر اسلام مجیب بستوی نے کی صدارت اور مولانا کفیل احمد ندوی ناظر و انچارج ملحقہ مدارس ندوۃ العلماء لکھنؤ کے سرپرستی میں حمد ونعت کا مسابقہ ہوا۔ جس میں مولانا ندوی نے طلبہ کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنا قیمتی وقت لایعنی چیزوں میں ضائع نہ کریں، خوب محنت کریں ،شعر گوئی دریا کو کوزہ میں بند کرنے کا دوسرا نام ہے، بعض اشعار اتنے جامع ہوتے ہیں کہ ان کی تشریح میں پوری پوری کتاب لکھ دی جاتی ہے تب بھی اس کی وسعت کو سمیٹنا مشکل ہو جاتا ہے، اچھے معیاری اشعار شعور کی تہہ میں کشادگی پیدا کرتے ہیں، فکر و خیال کو نئی جہت اور بلندی دیتے ہیں، مثل، محاورے اور اشعار کی زبانی ایسی بات بھی بآسانی کہہ دی جاتی ہے جس کی ادائیگی کی ہمت اور طاقت نثر میں نہیں ہوپاتی، ہمیشہ معیاری، بامقصد، نصیحت آمیز اور اصلاحی اشعار یاد کریں، کیوں کہ آپ کی بات چیت اور تقریر میں یہ اشعار معاون ثابت ہوں گے ،استاذ کا ادب کریں ، تمام پروگرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں یہ اسٹیج آپ کی پوشیدہ صلاحیتوں کو منظر عام پر لائے گا اور آپ کو گفتگو کرنے کا سلیقہ سکھائے گا آپ ندوہ جائیں وہاں بھی تمام پروگرامس میں حصہ لیں ان شاء اللہ آپ ایک کامیاب عالم دین بن کر نکلیں گے اور پوری دنیا میں دین کا کام کریں گے۔
اس مسابقہ میں ۲۶؍ مساہمین نے حصہ لیا اور مختلف لب ولہجہ اور پرکشش آواز و انداز میں اللہ اور اس کے رسول کی بڑائی اور کبریائی بیان کی،نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ میں محمد ذیشان ،وحید الحق ،شہنواز منیر ،محمد ناوید اور محمد زید کا نام شامل ہے ،طلبہ نے اپنی خوب صورت آواز اور البیلے انتخاب سے علماء کرام اور شعراء عظام اور تمام سامعین کا دل جیت لیا اور خوب داد و تحسین حاصل کی۔
اس مسابقہ میں نظامت کے فرائض مولانا غفران احمد ندوی صدر مدرس مدرسہ تعلیم القرآن سمریاواں نے انجام دیا،محمد شکیل کی تلاوت سے پروگرام کا آغاز ہوا۔
اس موقع پر مشہور شاعر اسعد بستوی ،مفتی نجم الھدی قاسمی رحیمی، فخرالاسلام کبیر نگری اور دیگر علماء کرام اور شعراء نے کلام پیش کیا مسابقہ میں مدرسہ کے مہتمم مولانا منیر احمد ندوی ،ماسٹر ظفیر علی کرخی ، قاری محمد ارشد قاسمی ،مولانا ذکی احمد ندوی ،مولانا انیس الرحمن ندوی ،قاری محمد انیس ،قاری محمد رضوان ندوی ،حافظ وسیم اختر ، قاری عظمت اللہ ،شعیب بھائی بستوی گرافکس ،قاری ولی الدین ندوی،حافظ علاؤ الدین مولانا مصور ندوی، مولانا امتیاز احمد ندوی کے علاوہ دیگر حضرات بھی بڑی طعداف موجود رہے۔
