ظہیرآباد 12/ستمبر(مشرقی آواز جدید): ضلع سنگاریڈی کلکٹر پی پراونیا کی قیادت میں ایڈیشنل کلکٹر چندر شیکھر اور NITHAM ڈائرکٹر وینکٹ رامنانے جمعہ کو اسٹیٹ انسٹی ٹیوٹ آف ہوٹل مینجمنٹ (SIHM) کوہیر عمارت کا دورہ کیا۔ گزشتہ دو سالوں سے استعمال نہ ہونے والی عمارت کا معائنہ کرنے کے بعد کلکٹر نے عہدیداروں کو ہدایت جاری کی کہ وہ فوری طور پر اس کی صفائی کرکے ایک ہفتہ کے اندر استعمال میں لائیں ۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کلکٹر نے تجویز پیش کی کہ اس عمارت کو پینے کے پانی، بجلی اور صفائی جیسی بنیادی سہولتیں فراہم کرتے ہوئے ایک تعلیمی و تربیتی مرکز میں تبدیل کیا جائے۔
انہوں نے حکم دیا کہ عمارت کو استعمال میں لانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور اسکل ڈویلپمنٹ، ہسپتال مینجمنٹ، ہوٹل مینجمنٹ کے پروگرام شروع کیے جائیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ اورینٹیشن پروگرام جلد شروع کرنے کے انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ فل ٹائم کورسز کی بجائے سرٹیفیکیشن اور شارٹ ٹرم کورسز نوجوانوں کو فوری روزگار کے مواقع فراہم کر سکتے ہیں۔
اس عمارت میں ہوٹل مینجمنٹ اور ہسپتال مینجمنٹ جیسے کورسز شروع کیے جائیں اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں۔
اندرا مہیلا شکتی سنگم کو ہوٹل مینجمنٹ کورس اور بیکری آئٹم مینوفیکچرنگ ٹریننگ فراہم کرنے کے لیے پروگرام شروع کیے جائیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ خواتین کو خود روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے خصوصی تربیتی کلاسیں شروع کی جائیں۔
اس دورے میں نیتھم کے ڈائرکٹر وینکٹرامنا، ای ڈی ایس سی کارپوریشن رامچاری، ضلع سب ڈویژن آفیسر انیل، محکمہ صنعت کے ضلع منیجر تلجا نائک، ظہیر آباد آر ڈی او دیوجا، ریونیو افسران، پنچایتی راج کے افسران اور دیگر نے شرکت کی۔۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے