ظہیرآباد 15/ اکتوبر (مشرقی آوازجدید): شہر ظہیرآباد کی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، بند نالیوں اور صفائی کے ناقص انتظامات کے خلاف سماجی و عوامی تنظیموں کے نمائندہ وفد نے ریونیو ڈیویژنل آفیسر (آر ڈی او) ظہیرآباد کو ایک تفصیلی یادداشت پیش کی۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ شہر کی سڑکوں کی فوری مرمت، نالیوں کی صفائی، اوور بریج کے نیچے جمی گندگی کی صفائی اور خطرناک مقامات پر اسپیڈ بریکر نصب کیے جائیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات اور حادثات سے بچاؤ ممکن ہو۔دوسری جانب، آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ مختلف محلوں میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے، جن سے معصوم بچے اور ضعیف حضرات سخت خوف و دہشت میں مبتلا ہیں۔ شہریوں نے شکایت کی کہ متعدد بار توجہ دلانے کے باوجود میونسپل انتظامیہ کی خاموشی قابل افسوس ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر آوارہ کتوں کے انسداد کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں، صفائی مہم چلائی جائے اور سرکاری دواخانے میں ریبیز ویکسین کا مناسب بندوبست کیا جائے تاکہ عوام کو راحت مل سکے۔ اس وفد میں محمد یوسف صدر مسلم ایکشن کمیٹی، محمد ایوب احمد صدر ایم پی جے، ایم اے عظیم، محمد محبوب غوری، محمد نصیرالدین، محمد یاسر خان، محمد اعجاز احمد عرفان و دیگر موجود تھے۔۔۔۔
