بسوا کلیان:(محمدیوسف رحیم بیدری): اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (SIO) بسوا کلیان یونٹ کی جانب سے آج ایک پریس کانفرنس منعقد کی گئی جس میں HAYA IS LIFE ("حیا زندگی ہے”) کے عنوان مہم کا آغاز  کیا گیا۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ذبیح اللہ خان صدر مقامی ایس آیٔ او بسوا کلیان یونٹ نے کہا کہ اس مہم کا مقصد نوجوانوں میں اخلاقی بیداری پیدا کرنا، ان کی نظریاتی سمت درست کرنا اور ان پر اثر انداز ہونے والے فحاشی و عریانیت کے بڑھتے ہوئے رجحانات کا مقابلہ کرنا ہے۔
پریس کانفرنس میں صدر مقامی نے کہا کہ آج کی نسل دو راہوں پر کھڑی ہے، ایک طرف اخلاق و کردار کا راستہ ہے اور دوسری طرف مغربی تہذیبی اثرات کا جال۔ میڈیا، و ٹی وي کلچر اور سوشل میڈیا کی بے ہودہ روایتوں نے نوجوانوں کے ذہنوں کو منتشر کر دیا ہے۔ نوجوانوں کی سوچ کو کارپوریٹ لابیوں نے اپنی مفاد پرستی کے لیے استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔
 عالمی ادارہ صحت (WHO) کے ایک سروے میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستانی نوجوانوں کا سکرین ٹائم روزانہ سات گھنٹے سے تجاوز کر چکا ہے۔ SIO کا کہنا ہے کہ اگر نوجوان اپنا زیادہ تر وقت سوشل میڈیا اور فحش مواد پر ضائع کر دیں گے تو یہ ملک کی ترقی کے لیے خطرناک رجحان ہے۔
افسوس کی بات ہیکہ فحش اور بے حیائی کو عام کرنے والی ویڈیوز اور ویب سیریز ہماری معاشرتی اقدار کو پامال کر رہی ہیں۔ حکومتِ ہند کی جانب سے متعدد او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر پابندی کے باوجود، غیر قانونی ایپ فائلز کے ذریعے یہ مواد نوجوانوں تک پہنچ رہا ہے۔ جس سے نوجوان بےحیائی کے دلدل میں دھنستا جا رہا ہے۔ اور جن جوانوں کو اس فحاشی کی لت لگ چکی ہے  سماج کے لیۓ نقصاندہ ثابت ہو رہے ہیں۔
اسی تناظرمیں "حیا زندگی ہے” مہم کے تحت بسوا کلیان شہر کے تمام اسکولوں اور کالجوں میں لیکچرز، پبلک میٹنگز اور مکالماتی نشستوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس دوران نوجوانوں کو حیا، کردار، اخلاقیات اور زندگی کے اصولوں سے روشناس کرایا جائے گا۔
یونٹ سکریٹری محمد فہیم الدین نے کہا کہ ہم ڈاکٹروں، ماہرینِ نفسیات، علماء اور مختلف مذاہب کے رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے، تاکہ نوجوان نسل میں فحاشی کے نقصانات اور حیا کی اہمیت پر عوامی شعور بیدار ہو۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر اعلان کیا گیا کہ مہم کے آخری مرحلے میں HAYA IS LIFE "حیا زندگی ہے” کے عنوان سے ایک عظیم عوامی کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں معاشرے میں حیا، کردار اور اخلاق کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔۔  انشاء اللہ SIO کو امید ہے کہ یہ مہم نوجوانوں کے فکری ماحول میں ایک مثبت تبدیلی پیدا کرے گی اور معاشرے میں اخلاقی بیداری کا سبب بنے گی۔
اس موقع پر یونٹ ممبران خضر محمود اور  تقی معاذ موجود تھے۔اور پریس کانفرنس کے دوران HAYA IS LIFE کے پوسٹر کا رسم اجراء بھی کیا گیا، صدر مقامی ڈاکٹر ذبیح اللہ خان، سکریٹری مقامی  محمد فہیم الدین اور دیگر SIO کے ممبران محمّد رؤف علی، خضر محمود، تقی معاذ موجود تھے۔ اس بات كی اطلاع نعیم الدین نے دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے