بنگلور۔13؍نومبر(محمدیوسف رحیم بیدری): کرناٹک اردو اکادمی کے زیرِ اہتمام خواتین کا’’کل ریاستی مشاعرہ ‘‘ بروز ہفتہ 15 نومبر 2025سہ پہر 3 بجے بمقام: آڈیٹوریم، کے۔ یم۔ڈی۔ سی بھون، شیشادری پورم، بنگلورومنعقد کیا گیا ہے۔ مشاعرہ کے سرپرست مولانا محمد علی قاضی، چیرمین کرناٹک اردو اکادمی ہیں اور اس کی صدارت ڈاکٹر انو پما پول، کوآرڈینیٹر ، شعبۂ اردو، بنگلور یونیورسٹی، بنگلورو کریں گی۔ ڈاکٹر فاطمہ زہرہ، سابق پرنسپال، گورنمنٹ ہوم سائنس کالج، ہاسن اور ڈاکٹر شائستہ یوسف، رکن، کرناٹک اردو اکادمی و صدر بزمِ نساء مہمانانِ خصوصی ہوں گی۔ ڈاکٹر مہ جبین نجم میسور،ڈاکٹر شکیلہ گوری خان دھارواڑ،محترمہ مہرالنساء مہرو بیجاپور،ڈاکٹر فرزانہ فرح بھٹکل،ڈاکٹر فریدہ رحمت اللہ بنگلورو،محترمہ منجو وینکٹ بنگلورو،ڈاکٹر ثمینہ تاج ٹمکور،محترمہ سویٹی سنگھل بنگلورو،محترمہ ریشمہ طلعت شبنم کولار،محترمہ یاسمین تاج تماپوری یادگیر،محترمہ شبانہ شب جہاں ہبلی اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ فرمائیں گی۔ مشاعرہ کی نظامت پروفیسر صبیحہ زبیر، ناظم، مصنف اور میڈیا کنسلٹنٹ کریں گی۔ یس اعجاز پاشاہ، رجسٹرار، کرناٹک اردو اکادمی اور منیر احمد جامیؔ،کنوینر و رکن کرناٹک اردو اکادمی و جملہ اراکین کرناٹک اردو اکادمی نے تمام ادب نواز خواتین و حضرات سے شرکت کی پرخلوص گذارش کی ہے۔
