وی جی ویمنس کالج گلبرگہ میں یوم اردو کا کامیاب انعقاد
گلبرگہ: 26 نومبر(ای میل): ڈاکٹر محسنہ فاطمہ صدر شعبہ اردو شریمتی وی جی کالج فارویمنس گلبرگہ کی اطلاع کے مطابق آج 26/ نومبر بارہ بجے دن شعبہ اردو وی جی ویمنس کالج گلبرگہ کے زیر اہتمام تقریب یوم اردو کا کامیاب انعقاد کالج کیمپس میں عمل میں آیا۔اجلاس کی صدارت کالج کے پرنسپل ڈاکٹر آر بی کونڈا نے کی اور مہمان خصوصی کی حیثیت سے معروف اردو قلم کار ڈاکٹر غضنفر اقبال سہروردی نے شرکت کی۔تقریب یوم اردو کا آغاز بی ایس سی سال آخر کی طالبہ سعیدہ کی قرآت کلام پاک سے ہوا۔بی اے سال اول کی طالبہ محبوب بی نے مہمان خصوصی اور حاضرین تقریب کا خیر مقدم کیا۔ڈاکٹر محسنہ فاطمہ نے مہمان خصوصی کا تعارف پیش کیا۔ ڈاکٹر غضنفر اقبال نے تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا نو نومبر کو برصغیر ہند وپاک اور اردو کی بستیوں میں ڈاکٹر علامہ اقبال کے یوم پیدائش کی مناسبت سے یوم اردو تزک و احتشام کے ساتھ منعقد کیا جاتا ہے۔انھوں نے ڈاکٹر اقبال کی حیات کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی۔ڈاکٹر غضنفر اقبال نے کہا ڈاکٹر اقبال کی شاعری کا محور قرآن مجید اور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات ہیں جس کو اقبال نے دل پذیر و دل نشیں انداز میں اپنی شاعری میں پیش کیا ہے۔انھوں نے کہا ڈاکٹر اقبال کی شاعری قوم کے سوئے ہوئے لوگوں کو بیدار کرنے انھیں ان کا مقصد یاد دلانے اور قوم کے ساتھ مل کر آگے سے آگے بڑھنے پر تیار کرنے والی شاعری ہے۔ ڈاکٹر غضنفر اقبال نے کہا دور حاضر میں علامہ اقبال کی شاعری کا مطالعہ ناگزیر ہے۔
ڈاکٹر آر بی کونڈا نے اپنی صدارتی تقریر میں کہا اردو کی شیرینی تمام ہندوستانی زبانوں پر مقدم ہے انھوں نے کہا کالج میں 1965 سے اردو مضمون نصاب میں شامل ہے انھوں نے شعبہ اردو کی جانب سے تقریب یوم اردو کے انعقاد پر اظہار مسرت کیا ۔ تقریب کا اختتام بی ایس سی سال آخر کی طالبہ جویریہ طلعت کے اظہار تشکر پر ہوا۔تقریب یوم اردو میں طالبات کے علاوہ ہندی کنڑا اور انگریزی کے اساتذہ شریک تھے۔
