سہارنپور (احمد رضا): مجلس اتحاد المسلمین کے قومی ترجمان پون راؤ امبیڈکر کی جانب سے حضرت مولانا سید ارشد مدنی دامت برکاتہم (صدر جمعیت علماء ہند) کے خلاف دئیے گئے متنازع اور غیر ذمہ دارانہ بیان نے علمی و دینی حلقوں میں شدید بے چینی پیدا کر دی ہے۔ اس افسوسناک بیان پر جمعیت علماء ضلع سہارنپور کے ناظم مولانا مفتی عطاء الرحمن جمیل قاسمی نانکوی نے سخت ردِّ عمل ظاہر کرتے ہوئے اسے انتہائی بیہودہ غیر شائستہ اور حقیقت سے عاری قرار دیا ہے مولانا مفتی عطاء الرحمن جمیل قاسمی نانکوی نے اپنے بیان میں کہا کہ مولانا سید ارشد مدنی ملک و ملت کے پے لوث خادم اتحادِ ملت کے ترجمان اور قوم کے عظیم قائد ہیں۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی دین وطن اور انسانیت کی خدمت میں گزاری ہے۔ ایسے ممتاز اور باوقار رہنما کے بارے میں پون امبیڈکر کا یہ بھونڈا اور سطحی بیان نہ صرف قابلِ مذمت ہے بلکہ اخلاقی زبوں حالی کی بھی واضح مثال ہے انہوں نے کہا کہ ملک کے علمی دینی اور سماجی حلقے مولانا ارشد مدنی کے کردار خدمات اور قیادت کے قائل ہیں۔ ان جیسی باوقار شخصیت کے خلاف اس نوعیت کی زبان استعمال کرنا کسی بھی سنجیدہ سیاسی یا سماجی کارکن کو زیب نہیں دیتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے بیانات سے نہ صرف مجلس کی ساکھ متاثر ہوتی ہے بلکہ سماجی ہم آہنگی اور اتحادِ ملت کو ٹھیس پہنچتی ہے مفتی عطاء الرحمن جمیل قاسمی نانکوی نے مجلس اتحاد المسلمین کی قیادت سے یہ سخت مطالبہ بھی کیا کہ پارٹی ایسے شخص کے خلاف فوری کارروائی کرے اور پون راؤ امبیڈکر کو ذمہ دار عہدے سے برطرف کرے اور پارٹی سے برخاست کرے تاکہ یہ پیغام جائے کہ کوئی بھی فرد جماعت کی ساکھ کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ملت کے درمیان ایسے عناصر فکری انتشار اور اختلافات کو ہوا دیتے ہیں اس لیے ضروری ہے کہ کہنے والے کو لگام دی جائے اور عوام کو مثبت سمت میں رہنمائی دی جائے آخر میں انہوں نے عوام اور دینی طبقات سے اپیل کی کہ وہ ایسے غیر سنجیدہ بیانات سے متاثر نہ ہوں اور ملت کے اتحاد خیر خواہی اور مثبت کردار کو مضبوط کرنے میں اپنی قوتیں صرف کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے