حقوق ہم سایہ مہم کے ضمن میں جماعت اسلامی سرکڑہ میں سمپوزیم

سرکڑہ(بجنور): انسان اچھا ہوگا تو وہ سب کے ساتھ اچھا سلوک کرے گا، وہ اچھا بھائی بھی ہوگا، اچھا بیٹا بھی ہوگا اور اچھا پڑوسی بھی۔ دنیا میںایک اچھا پڑوسی بڑی نعمت ہے۔ اچھے پڑوسی مل کر ہی مثالی معاشرہ اور آدرش سماج تشکیل دیتے ہیں۔ اس لیے ہمیں سب سے پہلے خود کو اچھا بنانا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر سراج الدین ندوی امیر مقامی جماعت اسلامی سرکڑہ نے کیا۔ وہ مقامی جماعت کی جانب سے منعقدہ سمپوزیم کے سامعین سے اختتامی خطاب کررہے تھے۔ اس سمپوزیم کا انعقاد ہم سایہ حقوق مہم کے تناظر میں کیا گیا تھا۔ اس کی صدارت بستی کے معروف طبیب ڈاکٹر کرشنا نے کی۔ ڈاکٹر کرشنا نے اپنی صدارتی گفتگو میں کہا کہ آدرش پڑوس کا لفظ اپنے اندر وسیع مفہوم رکھتا ہے، اس کے اندر گھر کے پڑوسی کے ساتھ گاؤں، نگر اور راجیہ کے پڑوسی بھی شامل ہیں، مولانا محمد اوصاف فلاحی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے، انھوں نے اسلام میں پڑوسیوں کے حقوق پر روشنی ڈالی۔ سمپوزیم میں ماسٹریشپال سنگھ نے اپنی تقریر میں کہاکہ جس کا باطن اچھا ہوگا اس کا ظاہر بھی اچھا ہوگا۔ اس لیے ہمیں اپنی روح کو اچھا بنانا چاہئے۔ ماسٹر سنتوش جی نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند نے ایک اچھے موضوع پر بروقت مہم چلائی ہے، آج اس کی بہت ضرورت ہے، ان کے علاوہ مولانا خورشید فلاحی، ماسٹرمنگو سنگھ اور شری پانڈے جی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر محمد شاہ نواز صدیقی نے انجام دیے۔
سمپوزیم کے بعد مقامی جماعت کی جانب سے علماء و ائمہ مساجد کی ایک اجتماع ہوا، جس کی صدارت مجلس علماء ہند یوپی کے سکریٹری جناب مولانا اوصاف فلاحی نے کی، نظامت کے فرائض مولانا انظار قاسمی نے انجام دیے۔ اجتماع میں مقررین نے میں جماعت اسلامی کی ہم سایہ حقوق مہم کے مرکزی موضوع مثالی پڑوس، مثالی معاشرہ پر اظہار خیال کیا۔
علاوہ ازیں جماعت اسلامی کی مقامی یونٹ کی جانب سے مہم کے آغاز سے ہی مختلف قسم کے پروگرام کیے جارہے ہیں۔ اس ذیل میں خواتین سے خطاب کیا گیا۔ آدم پبلک اسکول، جامعۃ الفیصل اور شبلی پبلک اسکول کے طلبہ و اساتذہ سے خطاب کیے گئے۔ یہ خطاب امیر مقامی نے کیے۔ اسی کے ساتھ بستی کے نوجوانوں کے لیے ایک پروگرام آرگنائز کیا گیا، جس سے مولانا محمد آصف فلاحی نے خطاب کیا۔ جماعت کے وابستگان معززین سے ملاقاتیں کر رہے ہیں اور انھیں جماعت اسلامی کی مہم کے پیغام سے واقف کرا رہے ہیں۔
مذکورہ اطلاع محمد دانش انجینئر میڈیا انچارج نے جاری کردہ پریس ریلیز میں دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے