بمقام: کانفرنس ہال، جمعیۃ التواصل (سوق حجاب، نسیم – ریاض)

ریاض(سعودی عرب): ریاض کے معروف دینی و ثقافتی مرکز "جمعية التواصل و الثقافة الإسلامي، حي النسیم” کے زیرِ نگرانی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کا بنیادی مقصد ایک نئے اسلامی یوٹیوب چینل "منبرِ مدینہ” (Mimbar-e-Madina) کا باقاعدہ افتتاح تھا۔

یہ تقریب 12 دسمبر 2025 ء بروز جمعہ ، بعد نمازِ مغرب منعقد ہوئی جس میں ریاض اور بیرونِ ریاض سے تعلق رکھنے والے جید علماء کرام، مشائخ عظام اور معزز مہمانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

افتتاحی پروگرام کا آغاز قرآن کریم کی تلاوت سے ہوا جسے حافظ عبدالمنان نے پیش کیا اس کے بعد عبدالرحمن راشد عمری نے اپنے خاص انداز میں نعت نبی صلی اللہ علیہ وسلم پیش کی- نماز عشاء کے بعد پروگرام کا سلسلہ جاری رہا اور مشائخ کرام کے تاثرات کا سلسلہ چلتا رہا، تقریب کی خاص بات یہ رہی کہ اس میں موجود ممتاز مشائخ نے چینل کے قیام پر نہ صرف خوشی کا اظہار کیا بل کہ اپنے قیمتی تاثرات اور مشورے بھی پیش کیے۔ انہوں نے موجودہ دور میں ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے دین کی اشاعت کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا اور اس کاوش کو بے حد سراہا، نیز حوصلہ افزائی میں کوئی کمی نہ کی- اس ضمن میں شیخ محمد فرقان مدنی، ڈاکٹر ظہیر احمد، شیخ عبدالمالك مجاہد، شیخ توصیف الرحمن راشدی، شیخ زبیر احمد ، شیخ محمد ذاکر مدنی، جلال قادری، شیخ سلیم ساجد، ڈاکٹر جنید وغیرھم کا نام قابل ذکر ہے- موجود سارے مشائخ کرام نے بھی حوصلہ افزائی فرمائی –

اس موقع پر عبدالرحمن راشد عمری نے بحسن وخوبی نظامت کے فرائض انجام دینے کے ساتھ ساتھ *منبر مدینہ* پر اپنی تیار کردہ نظم بھی پیش کی نیز رابطہ کمیٹی اردو جالیات ریاض کا مختصر تعارف بھی پیش کیا-

*منبرِ مدینہ* چینل کے قیام کا بنیادی مقصد علماء کرام کے محاضرات ، کلمات ، نصائحِ قیمہ ، دروس اور دینی سوال و جواب کو قرآن و سنت کی روشنی میں پوری دنیا تک پہنچانا ہے تاکہ عوام الناس گھر بیٹھے مستند دینی علوم سے استفادہ کر سکیں۔

تقریب کے داعیان جناب سید توصیف الرحمٰن راشدی حفظہ اللہ اور جناب عبداللہ توصیف الرحمٰن راشدی نے تمام مہمانوں اور مشائخ کا شکریہ ادا کیا۔ الحمدللہ تقریب خوش اسلوبی اور بہترین انتظامات کے ساتھ دعائیہ کلمات پر اختتام پذیر ہوئی- تمام شرکا نے عشائیہ تناول فرمایا اور چینل کی کامیابی کے لیے بھرپور دعائیں دیں-

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے