ظہیرآباد 13/ جنوری (مشرقی آوازجدید): جلد منعقد ہونے والے میونسپل انتخابات کے پیش نظر کانگریس پارٹی کے نوجوان لیڈر عمران عبدالغفار نے کہا ہے کہ اگر کالونی کے عوام نے انہیں کونسلر منتخب کیا تو وہ وارڈ کی ترقی کو اپنی اولین ترجیح بنائیں گے اور اسے ترقی کے میدان میں ایک مثالی وارڈ بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ کئی برسوں سے کالونی کے عوام بنیادی سہولتوں، بالخصوص طبی سہولتوں کی عدم دستیابی کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے ان مسائل کو قریب سے دیکھا ہے، اسی لیے ان کا عزم ہے کہ کالونی میں عوام کو 24 گھنٹے مفت طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ اس مقصد کے لیے ایک خصوصی پرائمری ہیلتھ سینٹر قائم کیا جائے گا تاکہ کسی بھی شہری کو علاج کے لیے پریشان نہ ہونا پڑے۔عمران عبدالغفار نے کہا کہ کالونی میں خستہ حال سڑکیں اور بدحال گندے نالے گزشتہ دس برسوں میں بی آر ایس حکومت کی ناقص کارکردگی کا منہ بولتا تصویر ہیں۔ ان کا الزام ہے کہ اس عرصے میں کالونی میں کوئی قابلِ ذکر ترقیاتی کام انجام نہیں دیے گئے، جس کے نتیجے میں عوام کو روزمرہ زندگی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ ریاست میں کانگریس پارٹی برسراقتدار ہے، اگر پارٹی قیادت نے ان پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں کونسلر کا امیدوار بنایا تو وہ وارڈ کی ترقی کے لیے خصوصی کوششیں کریں گے اور سڑکوں، نکاسیٔ آب اور دیگر بنیادی مسائل کے حل پر فوری توجہ دیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر انہیں خدمت کا موقع دیا گیا تو وہ پوری دیانت داری، ذمہ داری اور خلوص کے ساتھ وارڈ کی ہمہ جہت ترقی کے لیے کام کریں گے۔۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے