شہرت گڑھ (سدھارتھ نگر): المعہد الاسلامی بحر العلوم، انتری بازار میں بتاریخ 13/جنوری 2026ء بعد نمازِ ظہر ایک نہایت مفید اور بابرکت علمی پروگرام منعقد ہوا، جس میں معروف عالمِ دین ڈاکٹر عبدالقیوم بستوی کی تشریف آوری نے پروگرام کو مزید وقار بخشا۔
یہ توسیعی محاضرہ بالخصوص معہد کے شعبۂ نسواں کی طالبات کے لیے منعقد کیا گیا، جس میں ڈاکٹر صاحب نے نہایت مؤثر اور مدلل انداز میں متعدد اہم موضوعات پر خطاب فرمایا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے علم کی اہمیت، علم پر عمل کی ناگزیریت، عقیدے کی درستگی اور عربی زبان کی تعلیم پر خصوصی توجہ دلائی۔
خصوصاً عربی زبان کے حوالے سے نحو، صرف اور لغوی امور کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے طالبات کو اس جانب سنجیدہ محنت اور دلچسپی کی ترغیب دی، تاکہ وہ دینی مصادر کو براہِ راست سمجھنے کے قابل ہو سکیں۔
محاضرہ کے بعد ایک مفید اور بامقصد سوال و جواب کی نشست بھی منعقد ہوئی، جس میں ڈاکٹر صاحب نے طالبات سے مختلف موضوعات کے علمی سوالات پیش کیے، اور جواب دینے والی طالبات کو انعامات سے بھی نوازا۔
اس پروگرام کے آرگنائزر معہد کے پرنسپل مولانا عبد الرشید سلفی، نائب ناظم مقامی جمعیت اہل حدیث حلقہ شہرت گڑھ تھے، جن کی محنت اور حسنِ انتظام قابلِ تحسین ہے، جب کہ پروگرام کی نظامت کے فرائض مولانا جمشید عالم عبد السلام سلفی، ناظم مقامی جمعیت اہلِ حدیث، حلقہ شہرت گڑھ نے خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دیے۔
آخر میں معہد کے تمام اساتذہ و معلمات کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا، بالخصوص مولانا جاوید عالم رحمانی،
مولانا مسعود عالم فیضی، حافظ حفظ الرحمن، ماسٹر وصی اللہ، ماسٹر اقبال حسین اور دیگر حضرات کی علمی و انتظامی خدمات کو سراہا گیا، جن کے تعاون سے یہ پروگرام کامیابی کے ساتھ انجام پایا۔
اللہ تعالیٰ اس علمی نشست کو طالبات کے لیے نافع بنائے اور علمِ نافع کے ساتھ عملِ صالح کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے