راشٹریہ مدرسہ سنگھ کے ذمہ داران کی پرخلوص تبریک وتہنیت
مشہوداحمدخاں
________________
سدھارتھ نگر (نمائندہ): ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر کے نومنتخب ناظم مولانا وصی اللہ عبدالحکیم مدنی حفظہ اللہ کی خدمت میں تہنیت و اعترافِ خدمات کے طور پر کلیہ عائشہ صدیقہ للبنات کے وسیع و عریض گراؤنڈ میں راشٹریہ مدرسہ سنگھ، نیپال کی جانب سے ایک یادگار، باوقار اور پروقار تقریبِ تکریم و شال پوشی منعقد کی گئی۔ اس موقع پر راشٹریہ مدرسہ سنگھ، نیپال کے معزز ذمہ داران نے خصوصی شرکت کرتے ہوئے نومنتخب ناظم کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تقریب نہایت خوشگوار، سنجیدہ اور روحانی ماحول میں منعقد ہوئی، جس میں جامعہ سراج العلوم السلفیہ، جھنڈا نگر اور اس کی عظیم نسواں درس گاہ کلیہ عائشہ صدیقہ للبنات کے معزز اساتذۂ کرام شریک تھے۔
راشٹریہ مدرسہ سنگھ، نیپال کے روحِ رواں جنرل سکریٹری مولانا مشہود احمد خان نے اپنے استقبالیہ کلمات میں مولانا وصی اللہ مدنی حفظہ اللہ کی علمی، دعوتی، تصنیفی، تنظیمی اور جماعتی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا انتخاب جمعیت اہلِ حدیث کے لیے نہایت خوش آئند ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آپ کی قیادت میں جماعتی سرگرمیاں مزید منظم اور مؤثر ہوں گی اور دینی و تعلیمی میدان میں نئی پیش رفت دیکھنے کو ملے گی۔
انہوں نے مزیدکہا کہ مولانا وصی اللہ مدنی حفظہ اللہ جامعہ سراج العلوم السلفیہ، جھنڈا نگر کے ممتاز و متفوق فارغین میں شمار ہوتے ہیں۔ آپ جامعہ سلفیہ، بنارس اور عالمی اسلامی یونیورسٹی، جامعہ اسلامیہ مدینہ طیبہ کے فیض یافتہ، کامیاب معلم و مدرس، متحرک داعی اور تحقیقی ذوق کے حامل ہیں۔ آپ مادر علمی جامعہ سراج العلوم السلفیہ، جھنڈا نگر کے نقیب ماہنامہ مجلہ السراج کی مجلسِ مشاورت کے فعال رکنِ ہونے کے ساتھ ساتھ صحافتی میدان میں بھی گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ آپ گزشتہ پانچ برسوں سے ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر کے منصبِ نظامت پر فائز ہیں، جہاں آپ کی قیادت میں دعوتی، تعلیمی، تصنیفی اور رفاہی میدانوں میں قابلِ قدر خدمات انجام پائیں ، متعدد اہم کتابوں کی اشاعت عمل میں آئی اور رفاہی سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں فروغ ملا۔
28 دسمبر 2025ء، بروز اتوار منعقدہ انتخابی اجلاس میں آپ کی عمدہ کارکردگی، حلم، بردباری اور سنجیدہ طرز قیادت کے پیشِ نظر اراکینِ شوریٰ نے باہمی مشاورت اور کثرت رائے سے مولانا موصوف کو آئندہ پانچ برسوں کے لیے دوبارہ منصبِ نظامت سونپ کر حسنِ انتخاب کا ثبوت دیا۔
اس موقع پر راشٹریہ مدرسہ سنگھ، نیپال کے ذمہ داران، بالخصوص مولانا مشہود احمد خان سراجی، ڈاکٹر عبدالغنی القوفی، شیخ الجامعہ، جامعہ سراج العلوم السلفیہ شیخ عبدالرشید مدنی، مولانا سعود اختر سلفی اور زاہد آزاد جھنڈانگری نے نومنتخب ناظم مولانا وصی اللہ مدنی کی شال پوشی کی اور دعاؤں سے نوازا۔
جامعہ سراج العلوم السلفیہ، جھنڈا نگر، کے ناظم اعلی جناب مولانا شمیم احمد ندوی حفظہ اللہ نے اپنے پیام تہنیت میں لکھا ہےکہ "ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر کے معزز اراکین شوری نے اپنی رایے دے کر نہ صرف اپنی ذمہ داری کو ادا کیا بلکہ ذمہ دارانہ منصب کے لیے اہل اور حق دار لوگوں کا انتخاب کیا۔
اس طرح مولانا محمد ابراہیم مدنی کو امیر اور مولانا وصی اللہ عبدالحکیم مدنی کو ناظم کے عہدہ کے لیے چنا گیا جو ابھی تک گذشتہ میقات میں بھی اپنی ذمہ داریوں کو بطریق أحسن انجام دیتے آئے ہیں، ان کے دور امارت و نظامت میں متعدد اہم کتابوں کی اشاعت ہوئی اور رفاہی وسماجی کام بھی بہتر انداز میں انجام دیے گئے۔
میں نومنتخب باڈی کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد دیتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر کے یہ ذمہ داران آئندہ بھی اپنے فرائض کو مطلوبہ معیار کے مطابق انجام دیں گے۔”
جامعہ سراج العلوم السلفیہ، جھنڈا نگر کے شیخ الجامعہ، شیخ عبدالرشید مدنی حفظہ اللہ نے بھی اپنے عزیز ترین شاگرد نومنتخب ناظم جمعیت مولانا وصی اللہ مدنی کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ جدید انتخاب علمی قیادت، سماجی خدمات اور دینی اداروں کی ترقی کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے مدارس و معاہد کی خدمت کو فروغ ملے گا اور طلبہ و طالبات کے لیے بھی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کا سامان فراہم کرے گا۔
اس کے بعد جامعہ سراج العلوم السلفیہ اور عائشہ صدیقہ للبنات کے موقر استاد، پروفیسر ڈاکٹر عبد الغنی القوفی نے بھی کہا کہ یہ انتخاب دینی قیادت، علمی خدمات اور اداروں کی ترقی میں ایک نیا باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ وصی اللہ مدنی حفظہ اللہ کی قیادت میں جمیعت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر مزید ترقی کرے گی اور نوجوان نسل میں علم و اخلاق کی روشنی پھیلانے کا کام جاری رہے گا۔
کلیہ عائشہ صدیقہ للبنات،کرشنا نگر کے ناظم، ڈاکٹر منظور احمد علیگ، ندوی نے کہا کہ یہ شرف و اعزاز اور دوبارہ عظیم ذمہ داری کی تفویض شیخ وصی اللہ مدنی حفظہ اللہ کی دعوتی، تعلیمی، رفاہی تربیتی، متعدد اہم کتابوں کی اشاعت اور قابل رشک خدمات کا اعتراف ہے۔ ان کی قیادت میں جمیعت اہل حدیث سدھارتھ نگر اور تعلیمی ادارے علمی و عملی میدان میں نئی بلندیوں کو چھوئیں گے اور نوجوانوں میں علم، تقویٰ اور خدمت خلق کا جذبہ مزید مضبوط ہوگا۔
جامعہ سراج العلوم السلفیہ کے مثالی استاد شیخ سعود اختر سلفی اور جامعہ خدیجۃ الکبریٰ کے مشرف، زاہد آزاد نے بھی شیخ وصی اللہ مدنی حفظہ اللہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ انتخاب علمی، دینی اور تربیتی اقدار کے فروغ کا بہترین مظہر ہے اور آنے والی نسل کے لیے مشعل راہ ہے۔
ناظم جمعیت مولانا وصی اللہ مدنی حفظہ اللہ نے اپنے تاثرات میں تمام ذمہ داران اور شرکائے تقریب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس امانت کو اخلاص، مشاورت اور جماعتی نظم کے ساتھ ادا کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
تقریب میں کلیہ کے معزز اساتذۂ کرام: مولانا احسان اللہ رحمانی، مولانا بشیر احمد سلفی، مولانا عبدالرشید ریاضی اور مولانا شفیع الحق ندوی نے بھی سرگرم شرکت کی اور اپنی مسرت کا اظہار کیا۔
آخر میں دین و ملت کی ترقی، دینی اداروں کے تحفظ اور نومنتخب ناظم جمعیت کے لیے استقامت اور نصرت الہی کی خاطر خصوصی دعا کی گئی۔
