“عہدِ بہمنی کا سیاسی، سماجی، علمی و تہذیبی منظرنامہ” کے موضوع پر ہونے والے یک روزہ سیمنار کے پوسٹر کی وزیر محمد رحیم خان کے ہاتھوں شاندار رسمِ اجرا۔

بیدر 18 / جنوری (محمد یوسف رحیم بیدری): آج بتاریخ 18 جنوری، بروز اتوار، ریاستِ کرناٹک کے معزز وزیر برائے بلدیاتی نظم و نسق و حج امور جناب محمد رحیم خان صاحب کے ہاتھوں سے ایک روزہ سمینار بعنوان “عہدِ بہمنی کا سیاسی، سماجی، علمی و تہذیبی منظرنامہ” کے پوسٹر کی باوقار رسمِ اجرا عمل میں آئی۔ یہ سمینار عہدِ بہمنی کی ہمہ جہت تاریخی و تہذیبی اہمیت کو اجاگر کرنے کے مقصد سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں جناب محمد معظم صاحب امیرِ مقامی بیدر کے ہاتھوں ہفتہ واری اجتماع کے موقع پر بھی مذکورہ سمینار کے پوسٹر کی رسمِ اجرا انجام پائی، جسے علمی و تاریخی حلقوں میں خاصی پذیرائی حاصل ہوئی۔ اس موقع پر سمینار کے کنوینر ڈاکٹر محمد شمس الدین، نائب امیرِ مقامی محمد عارف الدین، ڈاکٹر ارشاد نوید، محمد ابراہیم، محمد سلام اللہ، جناب پاشاہ انعامدار اور محمد اعظم صاحب (صدر آئیٹا بیدر یونٹ) موجود تھے۔ تمام معزز شخصیات نے سمینار کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور اس نوعیت کی علمی سرگرمیوں کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔

سمینار بعنوان “عہدِ بہمنی کا سیاسی، سماجی، علمی و تہذیبی منظرنامہ” دکن کی تاریخ کے اس درخشاں دور کو سمجھنے کی ایک سنجیدہ علمی کاوش ہے، جس نے نہ صرف جنوبی ہند کی سیاست کو ایک مضبوط نظم عطا کیا بلکہ علم، ادب، فنِ تعمیر، تہذیب و ثقافت کو بھی نئی جہتیں بخشیں۔ عہدِ بہمنی میں قائم ہونے والا انتظامی ڈھانچہ، علمی مراکز، مدارس، کتب خانے اور تہذیبی روایات آج بھی دکن کی شناخت کا حصہ ہیں۔ اس سمینار کے ذریعے نئی نسل کو اپنے شاندار ماضی سے روشناس کرانے اور تاریخی شعور کو فروغ دینے کی سعی کی جا رہی ہے۔ شرکا نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ سمینار عہدِ بہمنی کی سیاسی بصیرت، سماجی ہم آہنگی، علمی خدمات اور تہذیبی وراثت کو مؤثر انداز میں اجاگر کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے