تقریبِ سنگِ بنیاد میں جامعہ کے سالانہ میگزین ’’اذانِ سحر‘‘ کا رسمِ اجراء بھی عمل میں آیا۔

نوگڈھ، سدھارتھ نگر: گزشتہ کل بروز سوموار الجامعۃ الاسلامیہ تلکہنا، پوسٹ شیوپتی نگر، ضلع سدھارتھ نگر میں دارالتحفیظ للقرآن الکریم کی تقریبِ سنگِ بنیاد نہایت وقار اور دینی جوش و جذبہ کے ساتھ منعقد ہوئی۔ یہ تقریب جناب مولانا محمد اختر فلاحی کی زیرِ سرپرستی اور ڈاکٹر ملک فیصل، امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند اتر پردیش مشرق کی زیرِ صدارت منعقد ہوئی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی مولانا طاہر مدنی صاحب، سابق ناظم جامعۃ الفلاح نے اپنے جامع اور بصیرت افروز خطاب میں اس عظیم دینی منصوبے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے حفاظِ قرآن کی اہمیت، تدریسِ قرآن کی ضرورت اور عصرِ حاضر میں حفظِ قرآن کی افادیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

اسی طرح ناظمِ جامعہ مولانا محمد عمر اسلم اصلاحی صاحب نے بھی اس ترقی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے علمِ دین کی اہمیت، اس کے اثرات اور دینی اداروں کے کردار پر پُرزور خطاب کیا۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز جناب حافظ عبدالمعبود صاحب کی پُرسوز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، بعد ازاں ظہیر احمد، متعلمِ جامعہ نے حمدِ باری تعالیٰ پیش کی، جبکہ نعتِ رسولِ اکرم ﷺ ابوالعاص ، متعلمِ جامعہ نے عقیدت و محبت کے ساتھ پیش کی۔

افتتاحی کلمات جناب ماسٹر عبدالغفار صاحب، رکنِ انتظامیہ نے پیش کیے، جن میں ادارے کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی گئی۔ اختتامی کلمات اور دعا جناب مولانا محمد اختر فلاحی صاحب، سرپرستِ انتظامیہ کمیٹی نے پیش فرمائی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض جناب مولانا اظہرالدین فلاحی صاحب نے بحسن و خوبی انجام دیے۔

تقریب کے اختتام سے قبل جامعہ کے سالانہ میگزین ’’اذانِ سحر‘‘ کا رسمِ اجراء بھی عمل میں آیا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا اور اسے ادارے کی علمی و فکری سرگرمیوں کا حسین مظہر قرار دیا۔ آخر میں دعا پر یہ روح پرور تقریب اختتام پذیر ہوئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے