محمد ہاشم القاسمی
(خادم دارالعلوم پاڑا ضلع پرولیا مغربی بنگال) موبائل
مشرقِ وسطیٰ میں جاری حالیہ کشیدگی اور ایران امریکی اور اسرائیل کی خطرناک جنگی صورتحال نے خطے کے سیاسی نقشے کے ساتھ ساتھ معاشی استحکام کو بھی شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ اگرچہ اس تنازع میں خلیجی ممالک براہِ راست فریق نہیں ہیں، تاہم جغرافیائی قربت اور عالمی توانائی کی ترسیل کے مرکز ہونے کے باعث، یہ ممالک ایک ایسے غیر اعلانیہ معاشی دباؤ کا شکار ہیں جس کے اثرات عالمی سطح پر محسوس کیے جا رہے ہیں۔ ماہرین تجزیہ نگار اس صورتحال کو خلیجی معیشتوں کے لیے ایک "بدترین خواب” قرار دے رہے ہیں۔ عالمی معیشت کی شہ رگ کہے جانے والے آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین بحری راستوں میں سے ایک ہے، جہاں سے عالمی سطح پر تیل کی کل ترسیل کا تقریباً 20 سے 30 فیصد حصہ گزرتا ہے۔ ایران کی جانب سے اس راستے کی جزوی یا مکمل بندش نے نہ صرف عالمی توانائی کی مارکیٹ میں بے یقینی پیدا کر دی ہے، بلکہ خلیجی ممالک کی برآمدات کو بھی براہِ راست متاثر کیا ہے۔ تیل اور گیس کی سپلائی میں رکاوٹ کے باعث عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، جو خلیجی ریاستوں کے لیے طویل مدتی معاشی نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔ سمندری راستوں میں عدم تحفظ کی وجہ سے انشورنس کے اخراجات (War Risk Premiums) میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، جس کا بوجھ براہِ راست خلیجی تاجروں پر پڑ رہا ہے۔ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب، گزشتہ چند سالوں سے اپنی معیشت کو تیل سے ہٹ کر سیاحت اور ہوا بازی (Aviation) پر استوار کر رہے تھے۔ موجودہ جنگ نے ان کوششوں کو دھچکا پہنچایا ہے۔ جنگی خطرات کے باعث کئی فضائی راستے تبدیل یا بند کر دیے گئے ہیں، جس سے ایندھن کے اخراجات اور پروازوں کے دورانیے میں اضافہ ہوا ہے۔ خطے میں سکیورٹی کی غیر یقینی صورتحال نے غیر ملکی سیاحوں اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے۔خطے کے کئی ممالک کا مؤقف ہے کہ یہ تنازع دراصل امریکہ اور اسرائیل کے اقدامات کے ردِعمل میں شروع ہوا، لیکن اس کا جغرافیائی اور معاشی خمیازہ خلیجی ممالک کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ ان ممالک میں پایا جانے والا غصہ اور مایوسی اس حقیقت سے جڑا ہے کہ وہ ایک ایسی جنگ کے اثرات برداشت کر رہے ہیں جس کے آغاز میں ان کا کوئی کردار نہیں تھا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، اگر آبنائے ہرمز کی بندش اور خطے میں کشیدگی کا دورانیہ طویل ہوتا ہے، تو خلیجی معیشتوں کو اربوں ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات جیسے ممالک عالمی برادری سے مسلسل مطالبہ کر رہے ہیں کہ ، مشرقِ وسطیٰ میں فوری طور پر جنگ بندی کی جائے۔ سفارتی ذرائع سے مسائل کا پائیدار حل نکالا جائے۔ عالمی تجارتی راستوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ گویا خلیجی ممالک اس وقت ایک ایسے نازک موڑ پر کھڑے ہیں کہ ایک طرف وہ اپنے عظیم الشان معاشی منصوبوں (ویژن 2030 وغیرہ) کی تکمیل چاہتے ہیں، تو دوسری طرف علاقائی جنگ ان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔ عالمی برادری کو یہ سمجھنا ہوگا کہ خلیج کا معاشی استحکام دراصل عالمی معیشت کے استحکام کی ضمانت ہے۔ عالمی معیشت میں خلیج کا کردار محض علاقائی نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ اعداد و شمار اس سنگینی کو یوں واضح کرتے ہیں: کشیدگی کے آغاز سے ہی عالمی منڈی میں خام تیل (Brent Crude) کی قیمتوں میں 5% سے 10% تک کا فوری اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر آبنائے ہرمز مکمل طور پر بند ہوتی ہے تو قیمتیں 150 ڈالر فی بیرل تک جا سکتی ہیں، جو عالمی کساد بازاری (Recession) کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ آپ کو بتاتا چلوں کہ روزانہ تقریباً 21 ملین بیرل تیل اس 21 میل چوڑی آبنائے ہرمز سے گزرتا ہے۔ اس کے علاوہ قطر کی مائع قدرتی گیس (LNG) کی عالمی سپلائی کا 20% حصہ بھی اسی راستے پر منحصر ہے۔
بحری جہازوں کے لیے "وار رسک پریمیم” میں ملا جلا اضافہ ہوا ہے، جس سے عام اشیاء کی درآمدی قیمتوں میں بھی 15% تک اضافہ متوقع ہے، جو مقامی افراطِ زر (Inflation) کا باعث بن رہا ہے۔ اس جنگ سے اگرچہ پورا خطہ متاثر ہے، لیکن چند اہم معیشتوں پر اس کے اثرات کی نوعیت مختلف ہے: سعودی عرب کے ویژن 2030 کو خطرہ لاحق ہے، چونکہ سعودی عرب اس وقت اپنی معیشت کو تیل پر انحصار سے نکال کر سیاحت اور ٹیکنالوجی کی طرف منتقل کر رہا ہے۔ نیوم (NEOM) اور میگا پراجیکٹس: بڑھتی ہوئی سکیورٹی غیر یقینی صورتحال غیر ملکی سرمایہ کاروں (FDI) کو ہچکچاہٹ میں مبتلا کر رہی ہے۔ "ریڈ سی پراجیکٹ” جیسے بڑے منصوبے، جو بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع ہیں، براہِ راست جنگی زون کے قریب ہونے کی وجہ سے متاثر ہو رہے ہیں۔ اسی طرح دبئی اور ابوظہبی عالمی تجارت اور سفر کے بڑے مراکز (Hubs) ہیں۔ ایمریٹس اور اتحاد ایئر ویز کو جنگی علاقوں سے بچنے کے لیے طویل راستے اختیار کرنے پڑ رہے ہیں، جس سے ایندھن کا خرچ بڑھ رہا ہے اور کنیکٹنگ فلائٹس کے شیڈول متاثر ہو رہے ہیں۔ دبئی کی پراپرٹی مارکیٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا ایک بڑا حصہ امن و امان سے جڑا ہے، طویل جنگ سرمایہ کاروں کو متبادل محفوظ پناہ گاہوں (جیسے یورپ یا سنگاپور) کی طرف ڈھکیل سکتی ہے۔ قطر دنیا کا سب سے بڑا ایل این جی برآمد کنندہ ہے۔ آبنائے ہرمز کی بندش کا سب سے زیادہ اثر قطر کی گیس کی برآمدات پر پڑے گا، کیونکہ اس کے پاس تیل کی طرح پائپ لائن کے ذریعے متبادل راستے بہت محدود ہیں۔یہ صورتحال ظاہر کرتی ہے کہ خلیجی ممالک کی معیشتیں ایک "نازک توازن” پر کھڑی ہیں۔ وہ ایک طرف جنگ سے دامن بچانا چاہتے ہیں اور دوسری طرف اپنے معاشی مستقبل کو بچانے کے لیے عالمی طاقتوں پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے یہ واضح کر دیا ہے کہ ابھی امن کا کوئی امکان نہیں ہے۔ ایک سینئر ایرانی افسر کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای نے جنگ بندی سے متعلق ان سبھی تجاویز کو مسترد کر دیا ہے جو دوسرے ممالک کے ذریعہ ایران تک بھیجے گئے تھے۔ رائٹرس کے مطابق افسر نے بتایا کہ 2 ممالک نے ایران کی وزارت خارجہ تک یہ پیغام پہنچائے تھے لیکن ان کے بارے میں زیادہ جانکاری نہیں دی گئی۔موصولہ اطلاع کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ اب امن کا وقت نہیں ہے۔ جب تک امریکہ و اسرائیل کو گھٹنوں پر نہیں لایا جاتا وہ شکست نہیں مانتے اور ایران کو ہرجانہ نہیں دیتے، تب تک کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ہندوستان ، مشرقِ وسطیٰ اور یورپ کے درمیان مجوزہ اقتصادی راہداری اس کشیدگی کی وجہ سے تعطل کا شکار ہو سکتی ہے۔ پاکستان کے معاشی بقا کا مسئلہ کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ سنگین ہو سکتا ہے کیونکہ اس کی معیشت پہلے ہی قرضوں کے بوجھ تلے دبی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پاکستان میں افراطِ زر (مہنگائی) کا ایک نیا طوفان لا سکتا ہے، جس سے عام آدمی کی زندگی مزید کٹھن ہو جائے گی۔ پاکستان کی معیشت کا بڑا حصہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں مقیم محنت کشوں کی رقوم پر چلتا ہے۔ وہاں کسی بھی قسم کا معاشی بحران پاکستان کے لیے ڈالر کی شدید قلت پیدا کر دے گا۔ خطے میں عدم استحکام کی وجہ سے پاکستان کو اپنی سمندری اور فضائی حدود کی حفاظت پر اضافی بجٹ خرچ کرنا پڑ سکتا ہے۔ حاصلِ کلام یہ ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کلامدرینگ صرف ایک علاقائی مسئلہ نہیں بلکہ ایک عالمی معاشی بحران ہے۔ ہندوستان اور پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کے لیے، جو توانائی اور روزگار کے لیے خلیج پر منحصر ہیں، یہ صورتحال ایک تزویراتی اور معاشی چیلنج ہے۔ عالمی برادری کے لیے لازم ہے کہ وہ سفارتی حل تلاش کرے، کیونکہ خلیج میں لگنے والی آگ کی تپش پوری دنیا محسوس کرے گی۔ ہمارے ملک ہندوستان کے لیے مشرقِ وسطیٰ کا استحکام محض سفارتی ضرورت نہیں بلکہ اس کی داخلی معیشت کی بقا کا معاملہ ہے۔ حالیہ صورتحال میں ہندوستان کے لیے درج ذیل پہلو نمایاں ہو کر سامنے آئے ہیں۔خطے میں شدید کشیدگی اور جنگی خطرات کے باوجود آبنائے ہرمز سے ہندوستانی تجارتی جہازوں کی آمد و رفت کا سلسلہ جاری ہے۔ یہ اس بات کی علامت ہے کہ ہندوستان اپنی توانائی کی ضروریات کے لیے اس تزویراتی راستے پر کس قدر گہرا انحصار کرتا ہے۔ ہندوستان نے اپنے تجارتی بیڑوں کے تحفظ کے لیے بحری نگرانی میں اضافہ کر دیا ہے تاکہ سپلائی چین متاثر نہ ہو۔ واضح رہے کہ ہندوستان اپنی ضرورت کا تقریباً 80% سے زائد تیل درآمد کرتا ہے۔ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ہندوستانی جہازوں کی حفاظت اور تیل کی قیمتوں میں استحکام ہندوستان کے تجارتی خسارے کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے ناگزیر ہے۔ تیل کی قیمتوں میں ذرا سا اضافہ بھی ہندوستان میں افراطِ زر (مہنگائی) کا باعث بنتا ہے۔ ہندوستان کے لیے ایران کی چاہ بہار بندرگاہ تزویراتی طور پر انتہائی اہم ہے۔ آبنائے ہرمز کے قریب واقع اس بندرگاہ کے ذریعے ہندوستان پاکستان کو بائی پاس کرتے ہوئے افغانستان اور وسطی ایشیا تک رسائی حاصل کر رہا ہے۔ اس راستے پر کسی بھی قسم کا تعطل ہندوستان کے طویل مدتی اقتصادی منصوبوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ تازہ ترین صورتحال یہ ہے کہ قطر سے 46,000 ٹن ایل پی جی (LPG) گیس لے کر آنے والا ہندوستانی جہاز ‘Shivalik’ 16 مارچ کو مندرا پورٹ پہنچا۔ اسی طرح ایک اور جہاز ‘Nanda Devi’ بھی گیس لے کر گجرات پہنچ چکا ہے۔ خلیجی ممالک میں مقیم تقریباً 90 لاکھ ہندوستانی باشندے سالانہ اربوں ڈالر کا زرمبادلہ ملک بھیجتے ہیں۔ جنگ کے سائے میں ان کی ملازمتوں کا تحفظ اور ان کی بحفاظت واپسی ملک کے لیے ایک بڑا انسانی اور معاشی چیلنج ہے۔ہندوستان کا موقف ایک "دوہری پالیسی” کی عکاسی کرتا ہے، ہندوستان کے اسرائیل کے ساتھ دفاعی اور ٹیکنالوجی کے گہرے تعلقات ہیں اور امریکہ اس کا ایک بڑا اسٹریٹجک پارٹنر ہے۔ دوسری طرف ایران کے ساتھ بھی ہندوستان کے تاریخی تعلقات ہیں اور چابہار بندرگاہ ہندوستان کے لیے وسطی ایشیا تک رسائی کا اہم ذریعہ ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ہندوستا نے کھل کر کسی ایک فریق کی مکمل حمایت کے بجائے امن کی اپیل کی ہے۔***
