عیدالفطر کے انتظامات کے بارے میں حکام کو اہم ہدایات دی
ظہیرآباد18 مارچ(مشرقی آوازجدید): میونسپل چیئرمین محمد یونس نے ظہیر آباد بلدیہ میں واقع رنجہول عیدگاہ میں رمضان المبارک کے آخر میں ہونے والی عید الفطر کی نماز کے لیے تمام انتظامات مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے رنجہول عیدگاہ کا دورہ کرتے ہوئے وہاں جاری کام اور فیلڈ سطح پر سہولیات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ عید گاہ میں پینے کے پانی، برقی روشنی اور صفائی ستھرائی کے کاموں کو جنگی بنیادوں پر مکمل کریں تاکہ مسلمان بھائیوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ عیدگاہ کے اطراف میں کہیں بھی کوڑا کرکٹ نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نماز کے لیے آنے والوں کو پینے کے پانی کی مناسب سہولتیں فراہم کی جائیں اور بجلی کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ مسٹر یونس نے تمام محکموں کے عہدیداروں سے کہا کہ وہ آپس میں مل کر کام کریں تاکہ تہوار کے دن جمع ہونے والے ہزاروں عقیدت مندوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ پروگرام میں رنجول کونسلرز، عیدگاہ کمیٹی کے ارکان اور میونسپل عہدیداروں نے شرکت کی۔۔۔۔
