از: جمال اختر صدف گونڈوی
ممبئی/مہاراشٹر (پریس ریلیز): قائدِ اہلِ سنت، خلیفۂ حضور مجاہدِ ملت، حضرت علامہ مولانا عبد القدوس کشمیری علیہ الرحمہ کا سالانہ عرسِ مبارک ممبئی، مہاراشٹر سمیت ملک کے مختلف حصوں میں نہایت شان و شوکت اور مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ بالخصوص مدارسِ اسلامیہ میں اس موقع پر شرعی تقاضوں کے مطابق قرآن خوانی، ایصالِ ثواب، محافلِ ذکر و نعت اور دعائیہ اجتماعات کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جہاں عقیدت مندوں کی بڑی تعداد شریک ہو رہی ہے۔
علمائے کرام اور عوامِ اہلِ سنت میں عرسِ شیرِ ملت کے حوالے سے غیر معمولی جوش و جذبہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ مقررین اپنے خطابات میں حضور شیرِ ملت علیہ الرحمہ کی دینی، ملی، سماجی اور اصلاحی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے نقشِ قدم پر چلنے کی تلقین کر رہے ہیں۔
حضرت علامہ مولانا عبد القدوس کشمیری علیہ الرحمہ نے اپنی پوری زندگی مسلکِ اہلِ سنت کی پاسبانی، ملت کی صحیح رہنمائی اور قوم کی فلاح و بہبود کے لیے وقف رکھی۔ آپ ایک بے باک، مدبر اور دور اندیش قائد تھے، جنہوں نے ہر نازک موقع پر ملت کی مضبوط آواز بن کر اس کی نمائندگی کی۔ فسادات کے پُرآشوب دور میں آپ مظلوموں کے لیے ڈھال بن کر سامنے آئے اور اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر حوصلہ افزائی اور امدادی کاموں کی نگرانی فرمائی۔
سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے مواقع پر آپ نے “سینٹرل ریلیف کمیٹی” کے ذریعے متاثرین کے لیے بڑے پیمانے پر راحت رسانی کا انتظام کیا۔ آپ کی دیانت داری، تنظیمی صلاحیت اور قومی ہمدردی کے اعتراف میں اُس وقت کی حکومت نے بھی بھرپور تعاون کیا، جس کے تحت متاثرین کے لیے بڑی مقدار میں غذائی اجناس فراہم کی گئیں۔
مسلکِ اعلیٰ حضرت کے تحفظ اور اہلِ سنت کے تشخص کی بقا کے لیے آپ نے کبھی کسی مصلحت کو آڑے نہیں آنے دیا۔ باطل قوتوں کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہونا اور اہلِ سنت کے حقوق کا دفاع کرنا آپ کی زندگی کا نمایاں وصف تھا، جس کی بنا پر آپ کو “شیرِ ملت” کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے۔
آج آپ کے جانشین اور فرزندِ ارجمند، فخرِ ملت حضرت علامہ مولانا اعجاز احمد کشمیری صاحب اسی مشن کو نہایت حسنِ تدبیر کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں۔ وہ ملت کی رہنمائی، مظلوموں کی داد رسی اور دینی و ملی خدمات میں سرگرم عمل ہیں اور ہر موقع پر اہلِ سنت کی ترجمانی کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔
عرسِ مبارک کے موقع پر ممبئی سمیت مختلف شہروں میں جگہ جگہ بینرز، پوسٹرز اور خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن میں شیرِ ملت علیہ الرحمہ کی حیات و خدمات کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔ عوام و خواص کی بڑی تعداد ان پروگراموں میں شرکت کر کے اپنی عقیدت کا اظہار کر رہی ہے۔
اللہ تعالیٰ حضور شیرِ ملت علیہ الرحمہ کے درجات بلند فرمائے، ان کے فیوض و برکات کو جاری و ساری رکھے اور ہمیں ان کے نقشِ قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
