ڈومریا گنج/سدھارتھ نگر(پریس ریلیز): دفتر جماعتِ اسلامی ہند بیدولہ، ڈومریا گنج میں ہیومن ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام ایک روزہ فرسٹ ایڈ کیمپ منعقد کیا گیا، جس میں نوجوانوں، طلبہ اور مقامی افراد نے بڑی دلچسپی کے ساتھ شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز درسِ قرآن سے ہوا جسے مولانا عبیداللہ فیضی صاحب نے پیش کیا۔ انہوں نے زمین و آسمان کی تخلیق پر غور و فکر کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی ذات و صفات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
بعد ازاں ہیومن ویلفیئر فاؤنڈیشن کے کوآرڈینیٹر آس محمد نے فاؤنڈیشن کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ خدمتِ خلق اسلام کی بنیادی تعلیمات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات، حادثات اور ہنگامی حالات میں متاثرہ افراد کی فوری مدد نہایت ضروری ہے اور فرسٹ ایڈ اسی خدمت کا اہم حصہ ہے۔
کیمپ میں ڈکٹر عبدالمبین علیگ اور ڈکٹر فیض احمد علیگ نے مختلف بیماریوں اور ہنگامی صورتحال میں ابتدائی طبی امداد کے طریقوں پر عملی رہنمائی فراہم کی۔ ڈاکٹروں نے ہارٹ اٹیک کے دوران مریض کی جان بچانے، سانپ یا کتے کے کاٹنے کی صورت میں فوری علاج، بلڈ پریشر اور شوگر کنٹرول کے بنیادی اصولوں سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر کئی عملی مظاہرے بھی پیش کیے گئے، جنہیں حاضرین نے دلچسپی سے دیکھا اور سیکھا۔
ڈاکٹر عبدالمبین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت مند زندگی کے لیے صفائی ستھرائی بے حد ضروری ہے جسے اسلام نے نصف ایمان قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک انسان کی جان بچانا پوری انسانیت کو بچانے کے مترادف ہے، اس لیے ہر فرد کو فرسٹ ایڈ کے بنیادی اصول جاننے اور ضرورت کے وقت عملی مدد کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
کیمپ کے دوران حفظانِ صحت کے اصولوں پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ پروگرام میں تقریباً 45 افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے فرسٹ ایڈ کی عملی تربیت کو مفید قرار دیتے ہوئے آئندہ بھی اس طرح کے پروگرام منعقد کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
پروگرام کی نظامت اور انتظامی امور میں ماسٹر احمد اسماعیل اور نسیم احمد فلاحی نے اہم کردار ادا کیا۔ اس موقع پر ماسٹر توقیر احمد، ماسٹر صلاح الدین، عقیل احمد سمیت مختلف مدارس کے طلبہ اور نوجوان بھی موجود رہے۔
پروگرام کے اختتام پر ہیومن ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے طلبہ اور نوجوانوں میں فرسٹ ایڈ سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے جبکہ محمد نسیم فلای امیر مقامی ڈومریاگنج کی دعائیہ کلمات پر پروگرام اختتام پزیر ہوا۔
